Site icon المرصاد

شام میں مزار پر حملے کے منصوبہ ساز داعشی گرفتار

نئی شامی حکومت کی وزارت داخلہ نے دمشق میں ایک مزار پر داعشی حملے کے منصوبے کو ناکام بنانے کی اطلاع دی ہے۔

شام کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ شام کی جنرل انٹیلی جنس ایجنسی نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر دمشق کے نواحی علاقے میں داعش کے ایک خفیہ ٹھکانے پر آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں داعش سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ہونے والے افراد کا منصوبہ تھا کہ وہ دمشق میں سیدۃ زینب رضی اللہ عنہا کے مزار پر حملہ کریں، اس حملے کے لیے انہوں نے دھماکہ خیز مواد اور دیگر آلات بھی تیار کر رکھے تھے، دمشق کے نواح میں واقع سیدۃ زینبؓ کا مزار اہل تشیع کے ہاں بہت ہی متبرک وقابل احترام مقام ہے کیونکہ یہاں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی بیٹی، زینب رضی اللہ عنہ مدفون ہیں۔

داعش نے گذشتہ ماہ شامی مجاہدین کی کامیابی کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ نئی حکومت کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے، اس ناکام منصوبے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ گروہ شام میں جنگ کی آگ کو دوبارہ بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے اور ملک کو ایک مرتبہ پھر جنگ کا میدان بنانا چاہتا ہے۔

Exit mobile version