خوارج بنی امیه کے ساتھ سخت مخالفت اور دشمنی رکھتے تھے، وہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے دور سے لے کر اموی خلافت کے اختتام تک مسلمانوں کے خلاف مختلف ادوار میں رکاوٹ بنے رہے۔
عبدالملک بن مروان کے دور میں خوارج جزیرۃ العرب، یمن، عراق اور شام میں بہت طاقتور ہو چکے تھے اور اپنے انتہاپسندانہ نظریات کی بنیاد پر لوگوں کو گمراہی کی طرف راغب کر رہے تھے؛ وہ صرف اپنے نظریے کے لیے نہیں لڑ رہے تھے بلکہ امویوں کی حکومت اور خلافت کو بھی تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد خلافت کی ذمہ داری یزید بن معاویہ کو سونپی گئی، لیکن اس دوران کئی بزرگ صحابہ کرام سمیت اکثریت نے بیعت کرنے سے انکار کر دیا۔
ان میں سے ایک حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ تھے، جنہوں نے یزید کی بیعت سے انکار کیا اور خود کو خلافت کا دعویدار قرار دیا، جب حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ نے یزید بن معاویہ کے خلاف خلافت کا دعویٰ کیا، تو چند خوارج کے رہنماؤں نے ان کے پاس آ کر کہا کہ اگر آپ ہمارے عقائد کو تسلیم کریں، تو ہم بنوامیہ کے خلاف آپ کے ساتھ ہر طرح کی مدد اور حمایت کے لیے تیار ہیں۔
ان خوارج نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ، حضرت علی رضی اللہ عنہ، حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ اور حضرت زبیر رضی اللہ عنہ کو اپنی سابقہ عقیدے اور دشمنۍ کی بنیاد پر برا سمجھتے تھے؛ خاص طور پر حضرت علی رضی اللہ عنہ کو اس لیے برا سمجھا کہ نہروان کی جنگ میں انہوں نے ان کے تقریباً چار ہزار افراد کو قتل کیا تھا، جو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کے درمیان امن معاہدے کے خلاف "لا حکم الا اللہ” کا نعرہ لگا کر بغاوت کر چکے تھے۔
یہ خوارج بھی وہی خوارج تھے جو اپنی جماعت سے دور ہو کر قریبی علاقوں میں چھپے ہوئے تھے، اور آج انہوں نے مسلمانوں کے درمیان خونریزی کے لیے حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے آنا شروع کیا۔
جب حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ سے ان صحابہ کرام کے بارے میں سوال کیا گیا، تو حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ نے خوارج کی توقعات کے برخلاف ان چار صحابہ کرام کی بہت تعریف کی اور ایک طویل تقریر میں خوارج کے عقائد کو مسترد کر دیا۔
جب خوارج نے حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کا موقف سنا تو وہ بہت ناراض اور مایوس ہوئے، حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ نے انہیں اپنا دشمن قراردیا اور وہ اپنے علاقوں کی طرف واپس چلے گئے، جہاں انہوں نے بغاوتیں شروع کردیں؛ بعد میں مصعب بن زبیر، مہلب اور حجاج بن یوسف کی قیادت میں انہیں مختلف علاقوں میں سختی سے کچل دیا گیا، جس کے نتیجے میں عبدالملک بن مروان کی خلافت شر اور فتنے سے محفوظ ہوگئی۔