۲۸ فروری ۲۰۲۵ء دوپہر دو بجے، جمعہ کی نماز کے بعد، مولانا حامد الحق درجنوں نمازیوں کے ہجوم سے گزرتے ہوئے اُس دروازے کی طرف بڑھنے لگے جو علماء اور اساتذہ کے لیے مخصوص تھا۔ جب وہ دروازے کے قریب پہنچے، تو ایک خودکش بمبار انتہائی تیز رفتاری سے ان کے قریب آیا اور اپنی بارود سے بھری ہوئی جیکٹ کو دھماکے سے اڑادیا۔
معلومات کے مطابق، مولانا حامد الحق اس حملے میں پہلے شدید زخمی ہوئے اور بعد میں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ یہ حملہ خیبر پختونخوا کے نوشہرہ شہر کے اکوڑہ خٹک علاقے کی جامعہ حقانیہ کی مرکزی جامع مسجد میں کیا گیا، جہاں ہزاروں نمازی، طالب علم اور عوام کی ایک بڑی تعداد نمازِ جمعہ پڑھنے کے لیے آتی ہے۔
یہ حملہ اچانک نہیں ہوا۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیز نے مولانا حامد الحق کو خبردار کیا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے ہدف پر ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ پاکستانی اداروں کی جانب سے اس حملے کو روکنے کے لئے کیا اقدامات کیے گئے تھے؟ ابھی تک اس سوال کا جواب کسی کے پاس نہیں ہے۔
مولانا حامد الحق نہ صرف دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم تھے، بلکہ پاکستان کی ایک معروف مذہبی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ بھی تھے۔
اب سوال یہ ہے کہ اگر ہدف مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی یا کسی غیر مذہبی سیکولر جماعت کے رہنما ہوتے، تو کیا پاکستانی ادارے صرف خطرے کا انتباہ دیتے، یا حملہ آور کو گرفتار کرنے کے لیے کوئی اقدام بھی کرتے؟
یہ حقیقت کہ پاکستانی اداروں کو اس ممکنہ حملے کی معلومات بھی تھیں، اور اس کے باوجود حملہ ہوا، یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ ادارے اپنے مخصوص اہداف کے ساتھ کس طرح کے رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ان کے اقدامات کی نوعیت کچھ اس طرح ہوتی ہے:
خطرے کا انتباہ دینا؛
چند پولیس اہلکاروں کی تعیناتی(جو خود اپنا تحفظ نہیں کرسکتے)؛
ممکنہ حملہ آور کی نگرانی کرنا اور اس کے ہدف تک پہنچنے کے لئے راستہ ہموار کرنا؛
خطرے کا انتباہ دینا اور کچھ پولیس اہلکاروں کی تعیناتی صرف اپنی صفائی دکھانے کا ایک طریقہ ہے، جسے ہر فرد سمجھتا ہے۔ پاکستانی اداروں کو سمجھ لینا چاہیے کہ یہ طریقے اب مزید کارگر نہیں ہیں۔
اس حملے کے دو دن بعد، خیبر پختونخوا کے انسداد دہشت گردی کے ادارے (CTD) نے ایک عوامی اعلامیہ جاری کیا، جس میں مارے گئے حملہ آور کی تصویر بھی شامل تھی، اور اعلان کیا:
"عوام کو اطلاع دی جاتی ہے کہ اگر کوئی اس شخص (حملہ آور) کے نام، والد کے نام اور پتے کے بارے میں درست معلومات دے گا، تو انہیں 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، اور معلومات فراہم کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔”
یہ پاکستان کی اہم ایجنسی کا، جو پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے زیر انتظام کام کرتی ہے، ایک غیر پیشہ ورانہ اور غیر ذمہ دارانہ ردعمل تھا، جو ملک کے معروف مذہبی اور سیاسی شخصیت کے قتل کے بارے میں تھا۔ ایسے ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ یا تو یہ ادارے غیر مؤثر ہیں، یا پھر یہ عوام کو دھوکہ دینے کے لیے ایسا برتاؤ کر رہے ہیں۔
اسی طرح، جب پاکستان میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے اور حکام کے پاس متاثرین کے لیے کوئی جواب نہیں ہوتا، تو فوراً الزام تراشی کا آسان طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔
اس واقعے کے بعد بھی، پاکستانی فوج سے منسلک ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹس نے پہلے یہ لکھنا شروع کر دیا کہ حملہ آور افغان تھا، اور اس واقعے کو افغان پناہ گزینوں سے جوڑا، پھر انہوں نے افغانستان کی حکومت پر بھی اس حملے کا الزام لگایا۔
پاکستان کے مشہور ٹی وی چینلز نے مولانا حامد الحق کے قتل کی خبر کی تفصیل میں یہ جملہ بھی شامل کیا کہ "وہ خواتین کی تعلیم کے حامی تھے”، تاکہ اس کی موت کو افغانستان کی حکومت سے جوڑا جا سکے۔
اس واقعے کے بعد، مولانا حامد الحق کے دوستوں، شاگردوں اور اہل خانہ نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ بالواسطہ طور پر پاکستانی اداروں کے خلاف سخت باتیں اور تنقید کرتے ہیں۔
یہ بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ مولانا حامد الحق کے والد، مولانا سمیع الحق رحمہ اللہ بھی 2018ء میں بہت مشکوک طریقے سے شہید کیے گئے۔ یہ واقعہ پاکستان کے سب سے محفوظ علاقے، بحریہ ٹاؤن، راولپنڈی میں پیش آیا، وہ شہر جہاں پاکستان کی فوج کا مرکزی دفتر بھی واقع ہے۔
مولانا سمیع الحق اس وقت پاکستان کی عدلیہ کے فیصلوں پر سخت تنقید کر رہے تھے، خاص طور پر اس فیصلے پر جس میں آسیہ بی بی کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا تھا، اور وہ چاہتے تھے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہونے والے عوامی مظاہروں میں شرکت کریں۔
قتل کی رات، وہ اپنے کمرے میں چاقو سے زخمی ہوئے تھے، حالانکہ یہ علاقے سیکیورٹی کیمروں سے بھرے ہوئے تھے۔ اس واقعے کو چھ سال گزر چکے ہیں، لیکن آج تک ان کے قتل کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملیں، اور یہ کیس دیگر ہزاروں کیسز کی طرح پاکستانی اداروں کی الماری میں دفن ہو گیا ہے، اور مٹی اور گرد سے ڈھانپ کر بھلا دیا گیا ہے۔
پاکستانی انٹیلی جنس ادارے مولانا حامد الحق کے قتل کے کیس کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کریں گے۔ پہلے وہ ان کے خاندان کو تسلی دیں گے، پھر تحقیقات کو التوا میں ڈالیں گے، اور آخرکار اس کیس کو بھی ماضی کی طرح نظرانداز کر دیں گے، لیکن ردعمل اور حالات سے ایسا لگتا ہے کہ اس بار مذہبی حلقے اس موضوع کو نہیں چھوڑیں گے۔
اس حملے کے ردعمل میں، مولانا فضل الرحمن نے کہا:
"یہ حملہ میرے گھر اور مدرسے پر حملہ ہے۔ ہم نے طویل عرصے سے خیبر پختونخوا میں عدم تحفظ کے بارے میں آواز اٹھائی ہے، لیکن ریاست خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھایا جانا چاہیے۔”
چار دن بعد جامعہ حقانیہ مدرسے نے ایک بیان جاری کیا، جس میں مولانا حامد الحق کے قتل کے بارے میں جاری تحقیقات پر سوال اٹھایا گیا، اور اس واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (JIT) کی درخواست کی گئی۔
بیان میں یہ بھی ذکر کیا گیا تھا کہ مولانا سمیع الحق قتل کا کیس ابھی تک حل نہیں ہوا، اور اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ مولانا حامد الحق کے قتل کو بھی بھلا دیا جائے گا، تو یہ اس کی بڑی غلطی ہوگی۔