معقل بن قیس رضی اللہ عنہ کی جنگ کے بعد، خوارج پندرہ سال تک ظاہر نہیں ہوئے۔ اس کے دو بڑے عوامل تھے۔
ایک یہ کہ ان کے بہت سے رہنما اور کارکن جنگوں میں مارے جا چکے تھے۔
دوسرا یہ کہ معاویہ رضی اللہ عنہ نے اپنی پوری طاقت کے ساتھ کوشش کی کہ وہ تمام چیلنجز جو ان کی حکومت کے لیے خطرہ بن رہے تھے انہیں ختم کر دیں۔ ان کوششوں کے نتیجے میں خوارج کی دعوت اور بھرتی کا سلسلہ بھی سست پڑ گیا۔
لیکن ۵۸ ہجری میں خوارج نے ایک بار پھر سر اٹھایا اور مسلمانوں کے خلاف اپنی تحریکات شروع کر دیں۔
جیسا کہ عراق ہمیشہ سے ایسے فتنوں کے ظہور کا مرکز رہا ہے، اس بار بھی خوارج کا ظہور عراق میں بصرہ کے گرد و نواح سے ہوا۔ اس وقت حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے عبید اللہ بن زیاد رضی اللہ عنہ کو شہر کا گورنر مقرر کر رکھا تھا۔
عبید اللہ بن زیاد نے خوارج کے ساتھ اسی سال شدید جنگیں لڑیں، جن کے نتیجے میں خوارج کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، بہت سے افراد مارے گئے جو باقی بچ گئے وہ قید کر لیے گئے اور بعد میں عراق کے مختلف قید خانوں میں ڈال دیے گئے۔