ترکی کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں مختلف کاروائیوں میں ۳۶ افراد داعشی خوارج کے ساتھ تعلق کے الزام میں گرفتار کیے گئے ہیں۔
علی یرلیکایا نے اتوار کے روز میڈیا کو بتایا کہ یہ افراد استنبول، ازمیر، اسکی شہر اور قیصری صوبوں میں اسلحے اور غیر ملکی کرنسی سمیت گرفتار کیے گئے۔
ان کے بقول، یہ افراد داعش کی فنڈنگ اور لاجسٹکس میں مدد کرتے تھے اور ان کے مقدمات عدالتوں کے سپرد کر دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ داعشی خوارج کے ابھرنے کے بعد ترکی اس گمراہ گروہ کے لیے اپنے جنگجوؤں کی منتقلی اور مالی معاونت کی وصولی اور ارسال کے لیے اہم مرکز رہا ہے، لیکن حالیہ عرصے میں ترکی حکومت نے خوارج کے خلاف فیصلہ کن کاروائیاں کی ہیں جس میں درجنوں افراد داعشی خوارج سے تعلق کے الزام میں گرفتار ہوئے ہیں۔