وقل جاء الحق وزھق الباطل ان الباطل کان زھوقا
آپ اعلان فرما دیجیے کہ "حق (غالب)آگیا اور باطل فنا ہوگیا,یقینا باطل فنا ہونے والا ہے”۔
ماہ اسد کی ۲۴ تاریخ (بمطابق ۱۵ اگست) افغانستان کی پاک سر زمین پر حق کی فتح اور باطل کی شکست کا تاریخی دن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس دن کو کفری نظام کی خاتمے اور اسلام کے عالی شان نظام کے نفاذ کے لیے منتخب فرمایا ہے۔
یہ وہ تاریخی دن ہے جب اللہ نے اپنے کمزور و ناتواں بندوں کے ہاتھوں کفر والحاد کے بلند وبالا محلات کو پاش پاش کرڈالا اور کفر کے اس امام کو ہزیمت سے دو چار کیا جو اپنے زعم میں پوری دنیا کو اپنے استعماری جال میں پھنسانا چاہتا تھا۔
یہی وہ دن تھا جب استعماری صلیبی امریکہ کے ہاتھوں بنائی گئی غاصب وظالم حکومت اور اس سے جڑی تمام امیدیں اور منصوبے خاک میں مل گئے۔
اللہ تعالیٰ نے مجاہدین امارت اسلامیہ کے بیس سالہ جھادی سلسلے کو اسی دن فتح وکامرانی سے نوازا۔ سرزمین افغانستان پر امارت اسلامیہ کی فتح صرف افغانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ یہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث اعزاز و افتخار ہے۔
۲۴ اسد (۱۵ اگست) کو ہونے والے اھم واقعات
- جب مکہ مکرمہ فتح ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہاں موجود تمام بتوں کو توڑ ڈالا، بالکل اسی طرح ۲۴ اسد (۱۵ اگست) کے دن اللہ تعالیٰ نے جمہوریت نامی باطل نظام اور علاقائی حکمرانی اور جمہوریت کے جھنڈے کو سرنگوں کرکے بابرکت اسلامی نظام اور ایک مرکزی حکومت کو بالا دستی عطا فرمائی، یہی وہ نظام ہے جس سے تمام امت مسلمہ کی امیدیں اور آرزوئیں وابستہ ہیں۔
- فتح مکہ کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دشمنوں کے لیے عام معافی کا اعلان فرمایاتھا، بالکل ویسے ہی امارت اسلامیہ کے رہبر، عالی قدر امیرالمومنین نے بھی شفقت وہمدردی کا اظہار فرماتے ہوئے ان تمام اقوام، تنظیموں اور افراد کے لیے جو گزشتہ بیس سال سے امریکہ کی صف میں کھڑے ہوکر ان کے کہنے پر معصوم افغان شہریوں کا خون بہاتے تھے،عام معافی کا اعلان فرمایا اور ان کی جان ومال کی حفاظت کی ضمانت دے دی۔
- جیسے ہی مکہ فتح ہوا تو اہل مکہ کو یقین ہوگیا کہ اب اسلام لائے بغیر کوئی چارہ نہیں، تو وہ جوق در جوق اسلام قبول کرنے لگے، اسی طرح فتح افغانستان کے بعد امارت اسلامیہ کی حقانیت اور جہاد کی برکت سے استعمار کے آلہ کار اور دم چھلےکمزور ہوتے گئے، ان کے مابین اختلافات پیدا ہوگئے اور ان کے پاؤں اکھڑنا شروع ہوگئے۔ اس طرح یکے بعد دیگرے سب نے اپنی شکست تسلیم کر لی اور امارت اسلامیہ کے آگے ہتھیار ڈال دیے۔
مختصر یہ کہ ۲۴ اسد (۱۵ اگست) کا دن وہ تاریخی دن ہے جب اللہ تعالیٰ نے افغانستان کی مبارک سرزمین کو کفر و استعمار کے ناپاک منصوبوں سے پاک کرکے یہاں اسلامی نظام کو قائم کردیا۔
الحمدللہ