عراق کے وزیر اعظم نے آج بروز جمعہ دیر گئے اعلان کیا کہ ان کی افواج نے داعش کے ایک اہم ذمہ دار کو ایک آپریشن میں ہلاک کر دیا ہے۔
محمد شیاع السودانی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ عبداللہ مکی مصلح الرفیعی نامی داعشی کو امریکی افواج کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں ہلاک کیا گیا ہے۔ السودانی نے آپریشن کی جگہ کی وضاحت نہیں کی، تاہم عراقی میڈیا نے اپنی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ الرفیعی کو انبار صوبے میں ہلاک کیا گیا ہے۔
عبداللہ مکی مصلح الرفیعی داعش میں ’’ابو خدیجہ‘‘ کے نام سے مشہور تھا اور فی الحال داعش کے امیر کے بعد دوسرا سب سے اہم شخص سمجھا جاتا تھا۔ وہ داعش کے خارجی تنظیمی ڈھانچے میں دو اہم اداروں (اللجنة المفوضة اور ولایتوں کے انتظامی محکمے) کا سربراہ تھا۔
ابو خدیجہ کی ہلاکت داعش کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، کیونکہ داعش پہلے ہی قیادت کے فقدان کا شکار تھی اور اس کی موت سے یہ مسئلہ مزید سنگین ہو جائے گا۔