بہت سے بڑے بڑے فرانسیسی سردار گرفتار کیے گئے، جن میں سب سے نمایاں نام ڈینیفر کا تھا۔ سلطان بایزید نے ان تمام قیدیوں کو فدیے کے عوض رہا کر دیا۔ ڈینیفر بھی آزاد ہو گیا، حالانکہ اس نے قسم کھائی تھی کہ وہ دوبارہ جنگ کے لیے نہیں آئے گا۔ مگر بایزید نے اُسے کہا: میں تمہیں اجازت دیتا ہوں، اگر تم دوبارہ میرے خلاف میدانِ جنگ میں اترنا چاہتے ہو تو بلا جھجک آجاؤ، کیونکہ مجھے اس سے بڑھ کر کوئی چیز خوشی نہیں دیتی جتنی یہ کہ میں یورپ کے تمام عیسائیوں سے جنگ کروں اور اُن پر فتح پاؤں۔
اب بات کرتے ہیں ہنگری کے بادشاہ کی؛ اُس کا غرور اس حد تک پہنچ چکا تھا کہ اُسے اپنی فوجی طاقت پر اتنا یقین تھا کہ وہ کہا کرتا: اگر آسمان بھی ہم پر گر پڑے، تو ہم اسے اپنی تلواروں پر اٹھا لیں گے۔ لیکن آخرکار وہ بھی فرار ہو گیا۔ اُس کے ساتھ رودس کے گھڑ سواروں کا سردار بھی تھا۔ جب یہ دونوں افراد بحیرہٴ اسود کے کنارے پہنچے اور عیسائیوں کی کشتیاں لنگر انداز دیکھیں، تو وہ فوراً ایک کشتی میں سوار ہو کر بھاگ نکلے۔
نیکوپولس کی جنگ کے بعد یورپ میں ہنگری کی عزت و وقار بری طرح مجروح ہوئی۔ اُس کا رعب اور دبدبہ خاک میں مل گیا۔ یہ عظیم فتح نہ صرف سلطان بایزید کے دل پر گہرا اثر چھوڑ گئی بلکہ عالمِ اسلام میں بھی فتح کے نعرے گونج اٹھے۔ بایزید نے مشرقی اسلامی حکمرانوں کے درباروں میں اپنے سفیر بھیجے اور عیسائیوں پر حاصل ہونے والی فتح کی خوشخبری انہیں سنائی۔
جب بایزید کے سفیر اسلامی بادشاہوں کے درباروں میں پہنچے تو ان کے ہمراہ عیسائی قیدی بھی تھے، جنہیں انہوں نے بطور تحفہ پیش کیا۔ یہ اس بات کا ثبوت تھا کہ بایزید نے یورپ کے خلاف عظیم فتوحات حاصل کی تھیں۔ بایزید نے ’’سلطان الروم‘‘ کا لقب اختیار کیا، جو اس بات کا مظہر تھا کہ وہ سلجوقی سلطنت کا حقیقی وارث ہے اور اناطولیہ پر اس نے اپنا اقتدار قائم کر لیا تھا۔
بایزید قاہرہ میں عباسی خلیفہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اُس سے مطالبہ کیا کہ وہ بایزید کے لقب کو تسلیم کرے، کیونکہ جن علاقوں پر ان کے آباء و اجداد کی حکمرانی رہی تھی، انہیں اب قانونی، شرعی اور سیاسی طور پر بایزید کی حکومت کا حصہ تسلیم کیا جائے۔ اس اقدام سے عالمِ اسلام کی ہیبت اور رعب میں مزید اضافہ ہوا۔ عباسی خلافت کے محافظ، سلطان برقوق نے یہ مطالبہ قبول کر لیا، کیونکہ وہ جانتا تھا کہ بایزید ہی وہ واحد حکمران ہے جو تیمورلنگ کے خلاف اُس کی مدد کر سکتا ہے۔
وہ ریاست جو عثمانی سلطنت کے سامنے شکست کھا رہی تھی، وہاں سے ہزاروں مسلمان اناطولیہ کی طرف ہجرت کرنے لگے۔ ان لوگوں نے عثمانی سلطنت کی خدمت کا عزم کیا۔ ان مہاجرین میں ہر طرح کے لوگ شامل تھے۔ کچھ واقعی صلیبیوں کے خلاف جہاد کا جذبہ رکھتے تھے، کچھ ایسے بھی تھے جو اس عظیم سلطنت میں علمی، اقتصادی اور سیاسی میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہتے تھے، جیسا کہ وہ ماضی میں عراق، ایران اور ماوراء النہر میں کر چکے تھے۔ ان کے علاوہ کچھ لوگ وسطی ایشیا میں تیمورلنگ کے حملوں کے خوف سے کسی محفوظ پناہ گاہ کی تلاش میں نکلے تھے۔
قسطنطنیہ کا محاصرہ:
نیکوپولس کی جنگ سے پہلے ہی بایزید نے بازنطینی سلطنت پر سخت دباؤ ڈال رکھا تھا، یہاں تک کہ قسطنطنیہ کے مسلمانوں کے دینی معاملات نمٹانے کے لیے حکومت کو قاضی مقرر کرنا پڑا۔ کچھ عرصے بعد عثمانی فوج نے بازنطینی دارالحکومت کا محاصرہ کر لیا۔ اس وقت کے بازنطینی بادشاہ نے اسلامی عدالتوں، مساجد اور اسلامی بھائی چارے کے لیے شہر کے اندر ۷۰۰ مکانات تعمیر کرنے کی اجازت دے دی۔ اس کے علاوہ علاقے کے مقامی لوگوں نے اپنی آبادکاری کا آدھا حصہ عثمانی فوج کی رہائش اور تفریح کے لیے وقف کر دیا، جس کی تعداد ہزاروں میں تھی۔
بایزید نے بازنطینی حکومت پر عائد ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا۔ انگوروں اور دور دراز علاقوں سے لائی جانے والی سبزیوں پر بھی عثمانی خزانے کے لیے ٹیکس مقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ بازنطینی دارالحکومت میں اذان دینے کی اجازت بھی دے دی گئی۔
نیکوپولس کی عظیم فتح کے بعد عثمانی افواج بلقان میں مجتمع ہو گئیں، جس سے پورے علاقے میں خوف کی فضا پیدا ہو گئی۔ بوسنیا اور بلغاریہ نے بھی عثمانی حکمرانی تسلیم کر لی۔ عثمانی لشکروں نے صلیبی جنگجوؤں کے راستے مسدود کر دیے تاکہ وہ دوبارہ کسی میدان میں اترنے کی ہمت نہ کریں۔ سلطان بایزید نے مورا کے جزیرے کے گورنر کو اس لیے سزا دی کہ اُس نے صلیبی اتحاد کے لشکر کی مدد کی تھی۔
بایزید نے بازنطینی سلطنت کو سزا دینے کے بجائے اُن سے قسطنطنیہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔ بادشاہ مانوئل نے سلطان کے خلاف یورپ سے مدد مانگی، لیکن بایزید کے لیے قسطنطنیہ پر حملہ اس کے جہادی منصوبے کا اہم حصہ تھا۔ چنانچہ اُس نے ایک عظیم لشکر تیار کیا اور قسطنطنیہ کی جانب پیش قدمی کی۔ اُس نے شہر کا ایسا سخت محاصرہ کیا کہ فتح صرف لمحوں کی بات رہ گئی تھی، اور یورپ کے لوگ منتظر تھے کہ کسی بھی دن یہ قدیم دارالحکومت زمین بوس ہو جائے گا۔ تاہم، سلطان کو مشرقی محاذ کی جانب روانہ ہونا پڑا، جس کی وجہ سے اس نے محاصرہ ختم کر دیا۔