مسلمانوں کے نقطہ نظر سے اسلامی نظام کی اہمیت و افادیت کئی اہم اور بنیادی پہلوؤں کی طرف لوٹتی ہے، جن کا تعلق شریعت، امت مسلمہ کے اتحاد، تحفظ اور عدل و انصاف کے نفاذ سے ہے۔
اسلامی نظام کی چند خصوصیات درج ذیل ہیں:
۱۔ اسلامی شریعت کا نفاذ:
اسلامی نظام کے بنیادی مقاصد میں سے ایک قرآن، سنت، اسلامی احکامات کا نفاذ ہے، مسلمانوں کی فکر یہ ہے کہ اسلامی نظام کو شریعت اور اسلامی اقدار کے نفاذ کے لیے موزوں ماحول پیدا کرنا چاہیے۔
٢۔ عدل و انصاف کا قیام:
مسلمانوں کا ماننا ہے کہ اسلامی نظام کے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہمہ جہت عدل کا نفاذ ہے، معاشرے کے سیاسی، سماجی اور معاشی شعبوں میں انصاف کا نفاذ ضروری ہے، یہ عدل صرف وسائل کی منصفانہ تقسیم میں نہیں ہے بلکہ اس کا نفاذ لوگوں کے ساتھ ہر قسم کے تعامل میں بھی ہونا چاہیے۔
٣۔ امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کی حفاظت:
مسلمانوں کے نزدیک اسلامی نظام کا ایک اہم مقصد تفرقے اور اختلافات کی روک تھام اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو برقرار رکھنا ہے، ان کا ماننا ہے کہ تفرقہ امت مسلمہ کو کمزور کرتا ہے اور اسلامی نظام امت کے اتحاد اور ہم آہنگی کا باعث بنتا ہے۔
۴۔ اسلامی حاکم کی حیثیت تسلیم کرنا اور اس کی مکمل اطاعت:
فقہ اسلامی میں مذکور ہے کہ اگر کوئی اسلامی حکمران اسلامی اصولوں کے مطابق حکومت کرے، اس کی شرعی حیثیت اور اطاعت واجب ہے۔ یہ اطاعت اس شرط پر ہے کہ وہ شریعت کے اصولوں پر عمل کرے اور عدل کو نافذ کرے گا، ایک اصولی حکمران کو دین و شریعت کی حدود سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے اور امت کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔
۵۔ عوام کے حقوق اور فلاح و بہبود پر توجہ:
مسلمانان عالم و فقہاء کے نقطۂ نظر سے اسلامی نظام کی خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ لوگوں کے حقوق پر توجہ دی جائے اور ان کی مادی اور معنوی بھلائی و ترقی کو یقینی بنایا جائے۔ اسلامی نظام کو اقتصادی، سلامتی اور سماجی نقطہ نظر سے معاشرے کے افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
٦۔ نیکی کا حکم اور برائی کی روک تھام:
اہل سنت کا عقیدہ ہے کہ اسلامی نظام کو نیکی کا حکم دینے اور برائی سے منع کرنے کا ذمہ دار اور اختیار ہونا چاہیے۔ یہ اسلام کے اہم اصولوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جو معاشرے کی اصلاح اور اخلاقیات کو فروغ دینے میں معاون ہے۔
۷۔ آزادی اور جبر و استعمار کے خلاف مزاحمت:
اہل سنت کے نقطہ نظر سے اسلامی نظام کو مسلمانوں کی سیاسی اور سماجی آزادی پر توجہ دینی چاہیے اور ہر قسم کے جبر، استعمار اور بیرونی مداخلت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ یہ اصول اسلامی تشخص کے تحفظ اور ہر قسم کے ظلم و جبر سے مقابلے کی حیثیت رکھتا ہے۔
مذکورہ بالا نکات اسلامی نظام کی خصوصیات کا خلاصہ ہیں، جن کی تفصیل آئندہ قسطوں میں کی جائے گی۔