حدیبیہ کے مقام پر کفار کی طرف سے کسی نمائندے کو بھیجا جاتا ہے تو وہ ایک عجیب منظر کا سامنا کرتا ہےـ مقتدی کوئی بھی امر کرے اور وہ بجا لائے یہ دیکھی دکھائی چیز تھی مگر یہاں تو وہ کچھ کہے بغیر کوئی عمل کرتا ہے تو سب اس کی اتباع میں عین اسی عمل کو بجا لاتے ہیں ـ اشارے بلکہ کن انکھیوں سے وہ کچھ سمجھا اور بروئے کار لایا جاتا ہے کہ آسمانِ دیگراں میں سورج کی واضح کرنوں کی حرکات سے بھی اس کی مثال مہیں ملتی ـ اسے تو حیرت کی انتہاء تب نہ رہی جب اس نے یہ بھی دیکھا کہ محبوب تھوکتا ہے تو ان کی تھوک تک زمین پر گر نہیں پاتی پروانے انتظار میں کھڑے اسے لینے ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی دوڑ میں لگے ہیں ـ
یہ وہ لافانی منظر ہے جس پر ایک طرف مسلمان ناز کرتے ہیں تو دوسری طرف دنیا ساری آج تک انگشت بدنداں ہے کہ آخر محبت واتباع کے یہ کیا کرشمے نظر آرہے ہیں ـ غور کیا جائے تو ان کی حیرت بجا بھی ہے اور بے جا بھی ہےـ بجا اس لئے کہ انہوں نے سیاسی لیڈروں کے لئے ایک معیار مقرر کر رکھا ہےـ اس معیار کی روشنی میں مفاد کی حد تک تو اونچ نیچ ہوسکتی ہےـ عقیدت کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتاـ اور بے جا اس لئے ہے کہ جو کسوٹی اور پیمانہ انہوں نے رکھا ہے وہ نری عقل کی بناد پر قائم ہےـ آسمانی ہدایات سے عاری اور وحی کی رہنمائی سے محروم ہےـ یہ تو وحی ہی کی برکات کہہ لیں یا پھر ثمرات کہ وہ رہبری کا مستحق اسے قرار دیتا ہے جو زمین پر خدا کی خلافت کا بوجھ اپنے کاندھوں صرف اس لئے اٹھائے کہ خالق اور مخلوق کے درمیان خلا کو پاٹ سکے اور بندہ کو اپنے آقا سے ملاسکےـ اس وقت پھر اللہ تعالی کی طرف سے اس بوجھ اٹھانے والے خلیفہ کو اپنے نمائندے کی حیثیت دی جاتی ہے اور اسی کی اطاعت اور عقیدت کو خالق سے عقیدت اور اسی کی اطاعت گردانا جاتا ہےـ
پھر وہ جو بات کرتا بھی ہے وہ اس کی اپنی بات ہوتی نہیں ہےـ وہ اپنی ذات کی نمائندگی کرتا نہیں ہےـ وہ اگر رسول ہے تو براہِ راست احکام وصول کرتے ہیں اور اسی کو متن کی شکل میں بھی اور اپنے فرامین کے ذریعہ شرح کی صورت میں پیش کرتے ہیں اور اسی کا عام پرچار بھی ـ جبکہ رسول کے علاوہ شخص خلافت کی گدی پہ براجماں ہوں تو وہ خلافت کا بوجھ اسی وقت سنبھال سکتا ہے جب وہ اپنے تمام فرامین کو شریعت کے سانچے میں ایسا ڈھال لے کہ بادئ النظر میں بھی وہ شریعت مطہرہ کی روح نظر آئےـ
ایسی صورتحال میں پھر یہی بندہ عام بندوں کی پرواز سے اونچی اڑان بھرتا ہے اور پھر دنیا کے اصول کے تحت محبوب کے نمائندہ کی حیثیت اپناتا ہے اور غیر ارادی طور پر اس کی محبت دلوں میں رچ بس جاتی ہے اور خون کی طرح انسانانِ عالم کی رگوں میں دوڑتی اور حرکت کرتی نظر آتی ہےـ
اسی لئے یہ سلسلہ جہاں حدیبیہ سے بھی پہلے موجود تھا وہیں آج تک ہر دور میں بغیر کسی وقفہ کے کرہ ارض کے مختلف نقطوں میں چلتا آرہا ہےـ تا آنکہ سرزمین ابطال افغانستان میں چار دہائیوں کی طویل ترین کشت وخون کے بعد ایک نظام منعقد ہواـ جس کی سیرابی امت کے ان نوجوانوں کے لہو سے ہوئی اور ہوتی رہی ہے جن کے سینوں میں توحید کا عہد وپیمان تھاـ دلوں میں خداوند متعال کا کلام تھا اور زبان پر اس دنیا کے خالق ومالک کی یاد چلی جارہی تھی ـ عشق الہی میں وہ جگر سوز تھےـ دنیا سے زیادہ آخرت کے متلاشی تھےـ فانی زندگی کے بنسبت وہ باقی اور ابدی زندگی کی تلاش میں در در ٹھوکریں کھاتے تھےـ اسلام اور ایمان کی دولت سے معمور تھےـ آزادی اور حریت کے نشہ سے مخمور تھےـ بے کسوں اور ضعیفوں کی مدد ان کا وظیفہ تھا اور خدا کو راضی کرنا ان کا مطمح نظر تھاـ
اس لئے ایک ایسا نظام جس کے قیام کے لئے مشرق ومغرب کے مسلمانوں کی مدد شامل تھی ـ لاکھوں ماؤوں کی آہیں اس کی دستگیر تھیں ـ بے پناہ مظلوموں کی دعائیں شامل حال تھیں ـ اسی لئے اسے رہبر بھی جو ملا تو وہ اس سرزمین کا تقریبا ایک نابغہ روزگار، بطل حریت، قافلہ آزادی کا سرخیل، قربانی اور عزیمت کا انمول اور علم وعمل کی بذات خود ایک مستقل دنیا جس کی ذات میں آباد تھی ایسی شخصیت تھی ـ جس نے گدی سنبھالتے ہی خلافتِ راشدہ کے طرز پر صلائے عام کردی کہ ہم شریعت کے نفاذ کے لئے ہر قربانی کے لئے سینہ سپر بنے ہیں اور شریعت کے نفاذ تک ہم یوں ہی برسرِ پیکار بنیں گےـ اس لئے جس بھی مسلم شخص کو کوئی ایک حرف بھی ہمارے کئے میں خلاف شریعت ملے وہ ببانگ دہل اس کا اظہار کرسکتا ہے اور ہمیں بتانے پر شرعا مکلف ہے تاکہ ہم اصلاح کرسکےـ
رہبر اعلیٰ کے اس حکم کی تعمیل میں ملک بھر کے علماء کرام نے شاہی فرامین کی جانچ پرکھ شروع کردی اور زمام امارت سنبھالنے کے بعد امیرالمؤمنین کی طرف سے جتنے احکام صادر ہوئے تھے ایک ایک کو اٹھا کر دیکھا، جانچا اور محمدی شریعت کی ترازو میں اسے تولا ـ تولنے پرکھنے کے عمل سے گزار کر ان پر آشکار ہوا کہ قدم قدم پر مدد الہی سے سرشار یہ شخص تو وہ کچھ کہہ چکا ہے جو شریعت کا پیکر مجسم ہے اور کہیں پر بھی سرِ مو انحراف نظر نہیں آرہاـ اس لئے اس بارے اپنے زاویہ نظر کو شریعت کی ہدایات کی روشنی میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاـ فرامین کی جو تحقیق کی گئی اسے اپنے تحقیقی مقالات میں جا بجا کردیا گیا اور اس طرح ملک کے طول وعرض سے ایک ہزار کے آس پاس تحقیقی مقالات جمع ہوگئے جس کی ضخامت ستر سے زائد جلدوں میں سمانے کی نوید ہےـ
چنانچہ ان مقالات کو پھر اعلی سطح پر دیکھنے کا فیصلہ ہوا اور ان تحقیقات کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے لئے ایک وسیع تشکیل رکھنے والی کمیٹی بنادی گئی ـ اس کمیٹی نے مہینے صرف کرکے بالآخر ان مقالات کو کلئیر کردیا اور ان کی نظر کے مطابق کامیابی کی سرٹیفکٹ دے دی گئی ـ جس پر وزارتِ ہائر ایجوکیش نے ان کے اعزاز میں ایک کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ـ جس میں ملک بھر سے اعلی سرکاری وفود اور فن سے آشنا لوگ شریک ہونگے اور اس بڑے اقدام کی داد عنایت کریں گےـ
اپنے رہبر کے احکامات کی اس قدر بڑی سطح پر پذیرائی جہان بے مثال ہے وہاں ایسی بے باک تنقیدی اور تحقیقی کام کو معاصر دنیا میں بہت ہی بڑا کارنامہ بھی تصور کیا جارہا ہےـ یہ جرات جو دی گئی ہے کہ سپریم لیڈر کی کہی گئی باتوں اور صادر کئے گئے فرامین کا تحقیق اور تنقید کے ساتھ جائزہ لیا جائے کہ شریعت کے موافق ہیں یا نہیں؟ بلکہ یہاں تک دیکھا جائے کہ اس میں زمان ومکان اور لوگوں کی مصلحتوں کا بھی پاس رکھا گیا ہے یا نہیں؟ پھر اوپر سے یہ بھی دیکھا جائے کہ یہ سب کچھ رعایا کی زندگی پر کس حد تک اثر انداز ہو بھی سکتے ہیں یا نہیں؟ اور اسی تناظر میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے کہ تاثیر کہیں منفی سمت میں تو نہیں جارہا؟
یہ وہ کام ہے جس کا تصور کسی جمہوری نظام میں موجود ہے اور نہ ہی کسی شاہی سسٹم میں اب تک اس کا عشر عشیر کبھی ہوا ہےـ بجا طور پر یہ جرات وہی دے سکتا ہے جو خلافت کا بوجھ محض اس لئے اٹھائے کہ خیر ہی خیر پھیلائے اور ذاتی مفادات سمیٹنے کی بجائے خدا کے کنبہ کو منظم کرے اور اسے سراسر نفع پہنچائےـ اور ایسے شخص کے فرامین کو وہی رعایا تنقید وتحقیق کی زد میں لا سکتی ہیں جن کی ہمت بلند ہو ـ فکر ونظر اسلامی اصولوں پر استوار ہوں ـ اور اپنے حاکم سے اس درجہ مطمئن ہوں کہ غلطی پر میں ادنی بندہ بھی اسے اس کی بھرپور قوت کے ساتھ بھی اس کی غلطی پر اسے کٹھرے میں کھڑا کرسکتا ہوں ـ اور جب کیفیت کی نہج یہ ہو تو پھر وہ حاکم بھی سربلند رہے گا اور اس کی رعایا بھی سربلند رہیں گی ان شاءاللہ ـ



































