اسلامی فکر کے مطابق، “فرمان” محض ایک انتظامی حکم یا سیاسی فیصلہ نہیں ہوتا بلکہ جب یہ امیرالمؤمنین حفظہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے صادر ہوتا ہے تو بنیادی سوال یہ ہوتا ہے کہ اس کا شرعی ماخذ اور بنیاد کیا ہے؟
امارت اسلامیہ افغانستان کے سربراہ، شیخ الاسلام ہبةالله اخوندزادہ حفظہ اللہ تعالیٰ نے واضح طور پر کہا ہے: ’’امارت اسلامیہ کے قوانین اور فرامین چند افراد کی آراء نہیں ہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ جلجلالہ کا دین اور وہ تمام اسلامی احکام ہیں جو لوگوں کو اللہ تعالیٰ جلجلالہ کے دین کی طرف بلاتے ہیں۔‘‘
یہ بیان فرمان کو محض ایک حکومتی فیصلہ نہیں سمجھتا، بلکہ اسے ایک دینی سند کا درجہ دیتا ہے، اور اس طرح اس کی شرعی بنیادوں کا جائزہ لینا ضروری ہو جاتا ہے۔
۱۔ عباداتی اور معاملاتی شعبوں میں فرامین کی تقسیم
امارت اسلامیہ کے سربراہ حفظہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ فرامین دو حصوں میں صادر ہوتے ہیں:
’’ایک حصہ اللہ تعالیٰ کی تعظیم اور عبادت ہے، جس میں نماز، روزہ اور دیگر عباداتی احکام شامل ہیں، اور دوسرا حصہ مخلوقات کے بارے میں اللہ تعالیٰ جلجلالہ کی رحمت اور شفقت سے متعلق احکام ہیں۔‘‘
یہ تقسیم فقہ کے اس روایتی منہج کی یاد دلاتی ہے جس میں عبادات کو معاملات سے الگ کیا گیا ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ امارت اسلامیہ کے نقطۂ نظر میں دوسرا حصہ صرف فقہی اصطلاح کے اعتبار سے معاملات تک محدود نہیں، بلکہ رحمت و شفقت کے وسیع اخلاقی مفہوم کو بھی شامل ہے۔ اس حصے میں یتیموں، بیواؤں، معذوروں اور ضرورت مند لوگوں کے حقوق بھی شامل ہیں۔ اس طرح رحمت و شفقت کا وسیع مفہوم فقہ و اخلاق اور حقوق و رحمت کے درمیان تعلق کو مضبوط کرتا ہے۔
۲۔ شرعی واجب کے طور پر اطاعت کا اصول
امارت اسلامیہ کے مرکزی دارالافتاء نے ’’شرعی نظام کی مضبوطی میں اطاعت کے اثرات‘‘ کے عنوان سے ایک رسالہ شائع کیا ہے۔ اس رسالے میں امیر کی اطاعت کو اللہ تعالیٰ جلجلالہ اور اس کے رسول صلیاللهعلیهوسلم کی اطاعت کے ہم پلہ قرار دیا گیا ہے۔
یہ استدلال ان قرآنی آیات میں جڑ رکھتا ہے جو مؤمنوں کو اولوالامر کی اطاعت کی دعوت دیتی ہیں۔ اہل سنت والجماعت کے منہج میں حاکم کی اطاعت اس شرط کے ساتھ واجب ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ جلجلالہ کی نافرمانی اور شریعت کے احکام سے متصادم نہ ہو، جیسا کہ حدیث شریف میں آیا ہے: ’’اللہ کی نافرمانی میں کوئی اطاعت نہیں۔‘‘ یہ حدیث اسی اصول پر زور دیتی ہے۔ امارت اسلامیہ کے نقطۂ نظر میں بھی فرامین دینی نصوص پر مبنی ہیں اور عملی میدان میں اسلامی شریعت سے متصادم نہیں ہیں۔
۳۔ حنفی فقہ بحیثیت مرجع اور عملی تطبیق کا فریم ورک
امارت اسلامیہ کے سربراہ فرامین کو عمومی طور پر اسلامی احکام قرار دیتے ہیں اور اجرائی شعبے میں بھی ’’دعاة‘‘ قانون کے داعیوں کو حنفی مذہب کی پیروی کی ہدایت کرتے ہیں۔
حنفی فقہ پر یہ زور، جو افغانستان میں اہل سنت والجماعت کی اکثریت کا تسلیم شدہ مذہب ہے، فرامین کی شرعی بنیاد کو ایک معروف اور لوگوں کی اکثریت کے قبول کردہ فقہی مکتب کے دائرے میں مزید مضبوط کرتا ہے۔
اس نوعیت کے طریقۂ کار کی اسلامی فقہ کی تاریخ میں بھی مثالیں موجود ہیں، کیونکہ مسلمان حکمران مختلف علاقوں میں امور کے نظم و نسق اور ہم آہنگی کے لیے اس فقہی مذہب پر انحصار کرتے رہے ہیں جسے علاقے کے لوگوں کی اکثریت نے قبول کیا ہو۔
اس فقہی فریم ورک کا تعین فرامین کو من گھڑت اور ذاتی سلیقوں پر مبنی تفسیروں سے محفوظ رکھتا ہے اور انہیں یکسانیت اور قابلِ نفاذ ہونے کی صلاحیت عطا کرتا ہے۔ فرامین بنیادی طور پر اسلامی احکام کے عمومی مفہوم پر قائم ہیں، تاہم ان کے نفاذ کے وقت حنفی فقہ کی تعبیر پر انحصار کیا جاتا ہے۔ عمومی شرعی بنیاد اور اطلاق کے طریقۂ کار کے درمیان یہ فرق اسلامی طرزِ حکومت کے منہج میں ایک فطری اور مسلمہ اصول ہے۔ اس طرح فرامین ایک طرف وسیع شرعی تائید رکھتے ہیں اور دوسری طرف عملی نفاذ کے لیے واضح اور قابلِ پیروی فریم ورک حاصل کرتے ہیں۔
۴۔ فرامین کا عوامی مصلحت اور عدل سے تعلق
جاری کیے گئے فرامین میں قوم پرستی، علاقہ پرستی اور زبان پرستی سے اجتناب، نیز تکبر، غرور، ظلم اور خیانت کی ممانعت پر زور دیا گیا ہے۔ یہ مفاہیم اسلامی فقہ میں مصلحت اور عدل کے اصولوں کے تحت نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ اہل سنت والجماعت کے فقہاء، بالخصوص امام شاطبی کے فقہی منہج میں، مصلحت کو کوئی سیکولر موضوع نہیں بلکہ ایک شرعی مقصد قرار دیا گیا ہے جسے شارع نے احکام کی تشریع کے وقت مدنظر رکھا ہے۔ لہٰذا وہ فرامین جو اسلامی امت کے اتحاد کے تحفظ اور ظلم و تفرقے کی روک تھام پر زور دیتے ہیں، مقاصد الشریعہ (شریعت کے مقاصد) کے دائرے میں مضبوط شرعی تائید حاصل کرتے ہیں۔
اس نقطۂ نظر سے امیر کا فرمان محض ایک حکومتی حکم نہیں، بلکہ ان شرعی مقاصد کا اظہار بھی ہے جو شارع مقدس نے اسلامی معاشرے کی خوش حالی اور سلامتی کے لیے مقرر کیے ہیں۔ اس طرح امیرالمؤمنین حفظہ اللہ تعالیٰ کے فرامین بنیاد، فریم ورک اور مقصد کے اعتبار سے اہل سنت والجماعت کے فقہی اور اقداری نظام میں مضبوط اور قابلِ تبیین مقام رکھتے ہیں اور انہیں مقدس شریعت کی بنیاد پر اسلامی معاشرے کے مؤثر انتظام کے لیے ایک مفید نمونے کے طور پر شمار کیا جا سکتا ہے۔
مجموعی طور پر، امیرالمؤمنین حفظہ اللہ تعالیٰ کے فرامین کی دینی بنیادیں چار بنیادی حصوں میں جمع ہوتی ہیں: عبادات اور معاملات کے درمیان تقسیم، دینی نصوص کی بنیاد پر اطاعت کا اصول، اجرائی فریم ورک کے طور پر حنفی فقہ کی مرجعیت، اور عوامی مصلحت و عدل سے تعلق۔ وہ مضبوط بنیاد جو ان چاروں حصوں کو ایک مربوط نظام میں جوڑتی ہے، وہی اصول ہے جس پر امارت اسلامیہ کی قیادت نے زور دیا ہے: فرمان چند افراد کی انسانی رائے نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ جلجلالہ کا دین ہے۔
یہ اصول اہل سنت والجماعت کے کلامی منہج میں مضبوط اعتقادی بنیاد رکھتا ہے اور امارت اسلامیہ کے فرامین کو ان احکام اور مقاصد کے سلسلے میں شامل کرتا ہے جنہیں شارع مقدس نے انسانوں کی سعادت کے لیے تشریع فرمایا ہے۔ کابل کی علمی کانفرنس بھی انہی بنیادوں کو واضح کرنے اور ان کا جائزہ لینے کے لیے ایک قیمتی موقع ہے جو شرعی نصوص اور اہل سنت والجماعت کے فقہی منہج کی روشنی میں امیرالمؤمنین حفظہ اللہ تعالیٰ کے فرامین کے بارے میں مزید درست اور مستند فہم پیدا کر سکتا ہے اور دینی علم کی گہرائی اور اسلامی امت کے اتحاد کو مضبوط کرنے کی راہ میں ایک مفید قدم ثابت ہو سکتا ہے۔


















































