ایک طرف اسلام دنیا بھر کے لیے ایک لافانی دین ہے اور دوسری طرف یہ بھی حقیقت ہے کہ دنیا بھر میں مختلف ادیان یا اسلام ہی کے ماننے والوں کے درمیان اختلافِ رائے کا ایک سلسلہ موجود ہے۔ البتہ اسلام کی خوبی یہ ہے کہ یہ خود کے لافانی ہونے کے ساتھ وسیع الظرف بھی ہے۔ اس لیے یہ ہر معقول اعتراض کو سنتا اور اس کا جواب بھی دیتا ہے، تاکہ اعتراض کرنے والا فرد یا دین اسلام کو اچھے سے جان اور اسے قبول کرنا چاہے تو کر لے۔
اسی سلسلے میں چوں کہ امارت اسلامی افغانستان اسلامی نظام کی نمائندہ اور اس پر قائم ہونے والا ایک نظام ہے، اس لیے دنیا بھر کے جہاں دیگر ادیان و افکار کے ساتھ تعامل کرنا ناگزیر ہوتا ہے، لہذا اسی تناظر میں لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ‘چوں کہ اقوام متحدہ کے اکثر قوانین اسلام سے متصادم ہیں تو امارتِ اسلامی اقوام متحدہ سے خود کو تسلیم کروانے اور اس کے تحت داخل ہونے کا مطالبہ کیوں کرتی ہے؟’
اگر ہم اس اُلجھن کو سادہ انداز میں دیکھیں تو امارتِ اسلامی افغانستان کی طرف سے اس عالمی ادارے سے اپنی رسمی شناخت اور رکنیت کی بحالی کا مطالبہ دورِ حاضر کی ایک نہایت اہم فکری اور نظریاتی بحث پر مبنی ہے۔ چناں چہ اس سوال کا دوٹوک، بے لاگ اور تاویلات سے پاک جواب سمجھنے کے لیے شریعتِ اسلامیہ کے اُس مستقل باب کا مطالعہ ضروری ہے، جسے فقہائے اسلام نے ‘فقہ السیر’ یعنی اسلام کا بین الاقوامی قانون قرار دیا ہے۔
اسلام محض چند انفرادی عبادات کا نام نہیں… بلکہ ایک مکمل نظامِ حیات ہے، جو اِس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ ‘اس کرۂ ارض پر مسلمانوں کے ساتھ دیگر اقوام و مذاہب کے پیروکار بھی آباد ہیں اور ایک اسلامی ریاست کو اپنی بقا، استحکام اور دعوتِ دین کے لیے ان کے ساتھ معاملات، معاہدات اور سفارتی تعلقات قائم کرنا پڑتے ہیں۔
شریعتِ اسلامیہ کا یہ بنیادی اصول ہے کہ کسی غیر مسلم ریاست یا عالمی ادارے سے سفارتی تعلق قائم کرنے، معاہدہ کرنے یا اس سے رسمی شناخت طلب کرنے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوتا کہ ‘اسلامی حکومت اُس کے کفر یا غیر اسلامی نظریات کو دل سے تسلیم کر رہی ہے’، بلکہ یہ عمل خالصتاً ‘جلبِ مصالح’ (فوائد کے حصول) اور ‘دفعِ مفاسد’ (نقصانات سے بچاؤ) کے شرعی اصول کے تحت ہوتا ہے۔
اس کی سب سے روشن عملی مثال خود نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور صلحِ حدیبیہ کا معاہدہ ہے۔ مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کے قیام کے بعد آپ ﷺ نے اُس وقت کی غیر مسلم سپر پاورز یعنی قیصرِ روم، کسریٰ ایران اور شاہِ حبشہ کو باقاعدہ سفارتی خطوط ارسال فرمائے اور مکہ کے مشرکین کے ساتھ صلحِ حدیبیہ جیسا تحریری معاہدہ کیا۔ حالاں کہ قریش کا پورا نظام شرک پر مبنی تھا۔
امام ابن قیم الجوزیہ رحمہ اللہ نے اپنی معروف کتاب ‘زاد المعاد فی ہدی خیر العباد’ کی جلد سوم کے صفحہ 260 تا 265 (مطبوعہ مؤسسۃ الرسالہ بیروت) میں صلحِ حدیبیہ کے فقہی فوائد بیان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ‘غیر مسلم قوتوں کے ساتھ امن اور معاہدے کی فضا قائم کرنا اسلامی ریاست کو معاشی استحکام، دفاعی تیاری اور دنیا تک اسلام کا پیغام پہنچانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔’
اسلامی فقہ و تاریخ میں بین الاقوامی تعلقات کے اس اصول کو ائمہ کرام نے پوری صراحت کے ساتھ بیان کیا ہے۔ فقہِ حنفی کے عظیم امام اور بین الاقوامی اسلامی قانون کے بانی امام محمد بن حسن الشیبانی رحمہ اللہ (متوفی 189ھ) نے اپنی شہرۂ آفاق کتاب ‘کتاب السیر الکبیر’ (شرح امام سرخسی رحمہ اللہ، جلد پنجم، باب الموادعۃ، صفحہ 1689، مطبوعہ جامعۃ الدول العربیہ قاہرہ) میں یہ اصول طے کیا ہے کہ ‘اگر مسلمانوں کے لیے مصلحت اور فائدہ ہو تو غیر مسلم ریاستوں کے ساتھ امن کے معاہدے (موادعہ)، سفارت کاری اور باہمی تعلقات قائم کرنا شرعاً بالکل جائز اور امت کے مفاد میں ہے۔’
اسی طرح پانچویں صدی ہجری کے نامور فقیہ اور قاضی القضاۃ امام ابوالحسن الماوردی رحمہ اللہ (متوفی 450ھ) نے اسلامی نظامِ حکمرانی پر اپنی مستند کتاب ‘الاحکام السلطانیہ’ (باب اول: فی عقد الامامۃ، صفحہ 29، مطبوعہ دارالحدیث قاہرہ) میں حکمرانِ وقت کے بنیادی فرائض گنواتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘اسلامی ریاست کی سرحدوں کے تحفظ اور رعایا کی فلاح کے لیے بیرونی دنیا سے صلح و معاہدات کرنا امام کی شرعی ذمے داریوں میں شامل ہے۔’
اس بحث کا سب سے گہرا فقہی پہلو شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ (متوفی 728ھ) نے واضح کیا ہے۔ آپ نے اپنی کتاب ‘مجموع الفتاویٰ ‘ (جلد 20، صفحہ 48 اور جلد 28، صفحہ 284، مطبوعہ مجمع الملک فہد مدینہ منورہ) اور ‘السیاسۃ الشرعیہ فی اصلاح الراعی و الرعیہ’ (صفحہ 14، مطبوعہ دار عالم الفوائد) میں یہ سنہری اصول بیان کیا ہے کہ ‘شریعت کا دار و مدار ہمیشہ دو خالص حالتوں یعنی ‘مکمل خیر’ یا ‘مکمل شر’ پر نہیں ہوتا، بلکہ جب خیر اور شر آپس میں گڈمڈ ہو جائیں تو شریعت کا اصل تقاضا یہ ہوتا ہے کہ زیادہ بڑے فائدے کو حاصل کیا جائے اور زیادہ بڑے نقصان سے بچا جائے۔’
امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ اس کی دلیل میں حضرت یوسف علیہ السلام کا قرآنی واقعہ پیش کرتے ہیں کہ ‘انہوں نے مصر کے ایک غیر مسلم بادشاہ کے نظامِ حکومت میں وزارتِ خزانہ کا منصب قبول کیا… جس کا مقصد بادشاہ کے غیر اسلامی نظام کی تائید کرنا نہیں تھا، بلکہ اُس نظام کے اندر رہتے ہوئے قحط سالی جیسے بڑے نقصان سے انسانیت کو بچانا اور حق کا پیغام عام کرنا تھا۔’
چناں چہ جب ہم اس اسلامی فقہی اصول کو آج کی دنیا کے بدلے ہوئے حالات پر منطبق کرتے ہیں تو تصویر بالکل صاف ہو جاتی ہے۔ تاریخ کا ایک دور وہ تھا، جب خلافتِ اسلامیہ دنیا کی سب سے بڑی عالمی طاقت تھی اور گویا مسلمان ہی اُس وقت کی ‘اقوامِ متحدہ’ کی حیثیت رکھتے تھے۔ اُس وقت غیر مسلم ریاستیں مسلمانوں سے معاہدات اور شناخت حاصل کرنے کی محتاج تھیں۔
تاہم بعد کے ادوار میں مسلمانوں کی باہمی کمزوریوں اور سیاسی و علمی انحطاط کے باعث عالمی قیادت کا جو خلا پیدا ہوا، اسے مغربی اور غیر مسلم طاقتوں نے پُر کر لیا اور آج کا بین الاقوامی نظام، کرنسی، بینکنگ، فضائی حدود اور سفارتی قوانین انہی کے وضع کردہ اصولوں پر چل رہے ہیں۔
معاصر علماء اور مفکرین کہ جن میں مولانا ابو عمار زاہد الراشدی صاحب (کتاب ‘عصرِ حاضر میں اجتہاد’ اور ماہنامہ الشریعہ گوجرانوالہ کے اداریے) اور مفتی محمد تقی عثمانی صاحب شامل ہیں… اس زمینی حقیقت کی طرف توجہ دلاتے ہیں کہ ‘آج کی دنیا ایک عالمی گاؤں بن چکی ہے، جہاں کوئی بھی ملک عالمی برادری سے کٹ کر تنہا زندہ نہیں رہ سکتا۔ علماء کے نزدیک اقوامِ متحدہ کے منشور میں شامل انسانی ہمدردی، تجارت اور امن سے متعلق نکات اسلامی تعلیمات سے متصادم نہیں ہیں، جب کہ جو شقیں اسلام سے ٹکراتی ہیں، اسلامی ریاستیں اُن پر اپنے شرعی تحفظات (Reservations) ریکارڈ کروا کر باقی امور میں عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھتی یا رکھ سکتی ہیں۔’
اسی مکمل شرعی، فقہی اور تاریخی پس منظر میں جب امارتِ اسلامی افغانستان کی طرف سے اقوامِ متحدہ میں اپنی نشست اور رسمی شناخت کی بحالی کے مطالبات کو دیکھا جائے تو اس کا اصل محرک کسی غیر اسلامی قانون کو تسلیم کرنا نہیں، بلکہ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کے بیان کردہ اسی اصولِ ‘دفعِ مفاسد اور جلبِ مصالح’ پر عمل کرنا ہے۔ جیسا کہ امارتِ اسلامی ایک ذمے دار حکومت کی حیثیت سے اس حقیقت کا ادراک رکھتی ہے کہ ‘اگر وہ خود کو اس عالمی فورم سے الگ رکھے گی تو اس کے نتیجے میں افغانستان شدید سفارتی تنہائی، معاشی پابندیوں، قومی اثاثوں کے انجماد اور عالمی بینکنگ نظام سے اخراج جیسے تباہ کن نقصانات کا شکار رہے گا، جس کا براہِ راست خمیازہ کروڑوں عام افغان شہریوں کو بھگتنا پڑے گا۔’
مزید برآں چوں کہ آج کا عالمی نظام غیر مسلم طاقتوں کے زیرِ اثر ہے، اس لیے اقوامِ متحدہ کی نشست حاصل کرنا دراصل ایک مشترکہ عالمی اسٹیج حاصل کرنے کی حکمتِ عملی ہے، تاکہ وہاں بیٹھ کر اسلامی امارت اپنے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کا جواب دے سکے، اپنا حقیقی بیانیہ دنیا کے سامنے رکھ سکے اور شریعت کی حدود پر مکمل کاربند رہتے ہوئے اپنے نظام کی خودمختاری اور عوام کے معاشی و انسانی حقوق کا تحفظ کر سکے۔


















































