سودی نظام کی سب سے خوف ناک، ہولناک اور تباہ کن خصوصیت وہ ہے، جسے معاشی اصطلاح میں کمپاؤنڈ انٹرسٹ یعنی سود در سود کا چکر (Compound Interest Trap) کہا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسا ریاضیاتی پھندا ہے، جو ایک بار کسی مقروض ملک کے گلے میں پڑ جائے تو نسلیں گزرنے کے بعد بھی وہ قرض ختم ہونے کا نام نہیں لیتا۔ اس پیچیدہ بین الاقوامی میکانزم کو اگر ہم دوسری قسط میں بیان کردہ پاکستان اور سعودی عرب کے اُسی 6 ارب ڈالر مالیت کے اُدھار تیل کے معاہدے پر فکس کر کے سمجھیں تو یہ حقیقت بالکل آئینے کی طرح صاف ہو جاتی ہے۔
جیسا کہ ہم نے دیکھا، اس معاہدے کے تحت پاکستان پر سالانہ 1.5% کی شرح سے 9 کروڑ ڈالر کا سُود لاگو ہوتا ہے۔ روایتی سودی نظام میں معاملہ اُس وقت انتہائی سنگین شکل اختیار کر جاتا ہے، جب مقروض ملک معاشی تنگی یا ڈالرز کی کمی کی وجہ سے سال کے آخر یا متعین مدت میں یہ قسط یا سُود کی رقم ادا نہیں کر پاتا۔
فرض کریں کہ پہلے سال کے اختتام پر پاکستان یہ 9 کروڑ ڈالر کا سُود ادا کرنے میں ناکام رہتا ہے تو سُودی نظام کا جادو یہ چلتا ہے کہ وہ سودی ادارہ اس 9 کروڑ ڈالر کے سُود کو معاف کرنے یا الگ رکھنے کے بجائے اِسے پاکستان کے اصل قرض یعنی 6 ارب ڈالر کے اندر ہی ضم (Capitalize) کر دیتا ہے۔ اب اگلے سال کے آغاز پر معاشی کتابوں میں پاکستان کا واجب الادا قرض 6 ارب ڈالر نہیں لکھا جائے گا، بلکہ وہ بڑھ کر ‘6 ارب نو کروڑ ڈالر’ ہو جائے گا۔ اب اس شیطانی چکر کا دوسرا خوف ناک مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ جب دوسرے سال کا 1.5% سُود کیلکولیٹ کیا جائے گا تو وہ پاکستان کے اصل 6 ارب ڈالر پر نہیں لگے گا، بلکہ اس بڑھی ہوئی رقم یعنی 6 ارب 9 کروڑ ڈالر پر لگے گا۔
اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ دوسرے سال کا سُود 9 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر ‘9 کروڑ 13 لاکھ 50 ہزار ڈالر’ ہو جائے گا۔ اگر دوسرے سال کے آخر میں بھی پاکستان یہ رقم ادا نہ کر پائے تو یہ نیا سود بھی اصل رقم میں پلس ہو جائے گا اور اب پاکستان کا ٹوٹل قرض بڑھ کر ‘6ارب 18 لاکھ 35 ہزار ڈالر’ ہو جائے گا۔ تیسرے سال کا سود اب اس نئی اور بڑی رقم پر لگے گا، جو کہ تقریباً 9 کروڑ 27 لاکھ ڈالر بنے گا اور سال کے آخر میں کل رقم 6 ارب 27 لاکھ ڈالر’ سے اوپر چلی جائے گی۔
اس پورے بین الاقوامی ریاضیاتی گورکھ دھندے کا معاشی اور عملی نچوڑ یہ نکلتا ہے کہ پچھلی مدت کا سُود اگلی مدت کے لیے خریدار ملک کی ‘اصل قیمت’ یا ‘اصل زر’ (Principal Amount) بن جاتا ہے۔ مقروض ملک سُود کے اوپر مزید سُود ادا کرنے کے ایک ایسے نہ ختم ہونے والے چکر میں بُری طرح پھنس جاتا ہے، جہاں اصل رقم تو اپنی جگہ برقرار رہتی ہے، لیکن سود کا پہاڑ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دن بدن بڑا اور خوف ناک ہوتا چلا جاتا ہے۔
یہی وہ ظلم ہے، جس کے بارے میں قرآنِ کریم نے سورۃ آل عمران کی آیت 130 میں سخت وارننگ دی تھی کہ ‘اے ایمان والو! سود نہ کھاؤ بڑھا چڑھا کر، یعنی دوگنا اور چوگنا کر کے۔’
بین الاقوامی سودی ادارے اِسی لیے کسی چیز کی اُدھار قیمت کو دکان دار کی طرح فکس نہیں کیوں کہ اگر وہ قیمت فکس کر دیں تو اُن کا منافع ایک جگہ رُک جائے گا اور وہ مزید تر مزید طور پر مال دار نہیں بن سکیں گے۔ چناں چہ وہ ‘وقت کا میٹر’ اس لیے کھلا رکھتے ہیں، تاکہ مقروض ملک جتنا لیٹ کرے، اِن کی کمائی اتنی ہی ضرب کھاتی چلی جائے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ سُودی میٹر چالو رکھنے کے لیے عالمی مارکیٹ میں حالات کو کس طرح استعمال کیا جاتا ہے؟ یہاں پر ہمیں مستقبل کے سَودوں کی منڈی یعنی فیوچرز مارکیٹ (Futures Market) اور سٹے بازی (Speculation) کا کردار نظر آتا ہے۔
عالمی منڈی میں جب بھی کسی خطے،خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ جیسے تیل پیدا کرنے والے علاقوں میں جنگ کے بادل منڈلاتے یا حالات کشیدہ ہوتے ہیں تو تیل کی قیمتیں حقیقی طور پر جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی صرف ایک دھمکی کے دوران 90 ڈالر سے 95 یا 100 ڈالر پر پہنچ جاتی ہیں۔ یہ قیمتیں اپنے آپ اوپر نہیں جاتیں، بلکہ عالمی سودی انویسٹمنٹ بینک اور بڑے سرمایہ دار اِس خوف کے ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔
وہ مارکیٹ میں یہ افواہ اور خوف پھیلاتے ہیں کہ ‘جنگ کی وجہ سے مستقبل میں تیل کی سپلائی بند ہو جائے گی۔’ اِس خوف کے نتیجے میں ناجائز منافع خور تاجر تیل کے لاکھوں بیرل کے ‘فیوچرز کنٹریکٹس’ یعنی مستقبل کے معاہدے سستے داموں خرید کر اپنے پاس ہولڈ کر لیتے ہیں، تاکہ بعد میں مہنگے بیچ سکیں۔
چناں چہ یوں مارکیٹ سے تیل کے ذخائر جب ایک طرف سِمٹ جاتے ہیں تو خریدار اچانک بڑھ جاتے ہیں۔ یوں رسد و طلب کے قانون کے تحت قیمتیں مصنوعی طور پر آسمان کو چھونے لگتی ہیں۔ جیسے ہی جنگ شروع ہوتی ہے تو بین الاقوامی شپنگ کمپنیاں بحری جہازوں کا ‘جنگ کے خطرے کا انشورنس’ یعنی وار رسک انشورنس (War Risk Insurance) کئی گنا بڑھا دیتی ہیں۔ ان انشورنس کمپنیوں کے پیچھے بھی وہی عالمی سودی فنانسیرز ہوتے ہیں۔
تیل پیدا کرنے والے ملکوں کا گروپ جیسے اوپیک (OPEC) بھی ایسے حالات میں اپنی پیداوار کو کنٹرول کر لیتا ہے۔ لاگت بڑھنے اور سپلائی کم ہونے سے تیل مستقل مہنگا ہو جاتا ہے اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کا پورا بجٹ تباہ ہو جاتا ہے۔ اپنے ملک کے لیے مہنگا تیل اِمپورٹ کرنے کے لیے ان کے پاس ڈالرز ختم ہو جاتے ہیں۔ چناں چہ وہ اپنے پرانے قرضے اور سود ہی کو چکانے کے لیے آئی ایم ایف جیسے اداروں سے مزید نیا سُودی قرض لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ یوں یہ عالمی سُودی چکر ہر بحران اور ہر جنگ کو اپنے ایندھن کے طور پر استعمال کرتا ہے۔



































