ابو بلال المینوکی رواں سال مئی میں نائیجیریا میں ایک امریکی فضائی حملے میں مارا گیا۔ وہ داعش کی ولایتوں کے عمومی ادارے کا ذمہ دار تھا اور مکتب الصدیق کے ساتھ براہِ راست رابطے میں تھا، جس کے سرگرمیوں کے علاقے مشرقی، جنوبی اور وسطی ایشیا ہیں۔
اس کے مارے جانے کے بعد انٹیلی جنس سروسز اور اہم میڈیا چینلز کے ہاتھ کچھ اہم دستاویزات لگیں، جن میں بعض حساس موضوعات کا ذکر تھا۔
یہ مکتوب مکتب الصدیق کے ذمہ دار قاری تمیم کردی (انجینئر عبیداللہ) کی جانب سے خوارج کی مرکزی شوریٰ (اللجنة المفوضة) کو لکھا گیا تھا۔
مکتوب میں مذکور موضوعات کی حساسیت کے پیش نظر بعض داعشی کارکنوں نے کوشش کی کہ معاملے کو کم اہم ظاہر کیا جائے اور مکتوب کو جعلی قرار دیا جائے، لیکن المرصاد نے اپنے ذرائع سے، جو داعشیوں کی خراسان شاخ کے داخلی معاملات سے درست طور پر باخبر ہیں، مکتوب اور اس میں مذکور موضوعات کی تصدیق حاصل کرلی ہے۔
ان ذرائع نے المرصاد کو بعض اہم اور داعشیوں کی حقیقی شکل بے نقاب کرنے والی معلومات بھی فراہم کی ہیں۔
سب سے پہلے مذکورہ مکتوب کا ترجمہ بغیر کسی کمی یا اضافے کے قارئین کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ قارئین کی تفہیم کے لیے دو [] قوسین میں اضافی معلومات المرصاد کی جانب سے لکھی گئی ہیں۔
الحمدلله القوي المتعال، والصلاة والسلام علی الضحوک القتال، نبینا محمد وعلی آله وصحبه أسد البلاغ وفرسان النزال. أما بعد:
لجنة المفوضه [خوارج کا مرکزی شوریٰ کا مساوی ادارہ] کے نام۔
آپ کیسے ہیں اور آپ کی صحت کیسی ہے؟ الحمدللہ، ہماری جانب تمام مجاہدین خیریت سے ہیں۔
الحمدللہ، آپ کا کیا حال ہے؟ اللہ سے امید ہے کہ اللہ کی عافیت اور حفاظت میں ہوں گے۔ آپ کی جانب سے دو پیغامات موصول ہوئے، اور جواب میں ہم کہتے ہیں:
ہماری جانب سے اور مکتب الصدیق کے تمام مجاہدین کی جانب سے مسلمانوں کے [یعنی داعشی خوارج کے] خلیفہ کو سلام پہنچائیں، اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت اور رعایت فرمائے۔ ہماری جانب سے اطمینان دلائیں کہ تمام مجاہدین، خواہ چھوٹے ہوں یا بڑے، دولتِ اسلامیہ کے ایک فرمانبردار سپاہی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور اللہ تعالیٰ اور کلمے کی سربلندی کی راہ میں ہر قسم کی قربانیوں کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان اور ایران میں جنگ بندی کے حوالے سے ہم کسی اچھے نتیجے تک نہیں پہنچے اور اس انتظار میں ہیں کہ آیا وہ بعض بھائیوں [یعنی داعشی قیدیوں] کی رہائی کے بارے میں ہماری درخواستوں کا جواب دیتے ہیں یا نہیں۔ اب ہم ایران اور پاکستان میں بعض اہداف کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ انہیں جنگ بندی پر آمادہ کیا جائے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اللہ کی مدد سے کرمان کے آپریشن کی طرح ان کے سپاہیوں کا خون بہائیں۔
فلپائن اور انڈونیشیا میں ہم نے بھائیوں [یعنی داعشیوں] سے بات چیت کی ہے، اور ان کے ساتھ ہمارے پیغامات کا تبادلہ منسلک ویڈیو میں موجود ہے، آپ اسے دیکھیں۔ اگر آپ مناسب سمجھیں کہ انہیں ہماری طرف سے کوئی بات، رائے یا مشورہ دیا جائے تو ہم انہیں بھیج دیں گے۔ ہم نے فلپائن کو پانچ ہزار ڈالر بھیجے ہیں، اور انڈونیشیا کو بھی بھیجیں گے۔ ہم نے انہیں اقتصادی [یعنی مالی امداد] کے کاموں کے لیے بہت حوصلہ دیا ہے، دیکھیں گے کہ وہ کیا کرتے ہیں، لیکن انہوں نے اقتصادی کام پر ہمارے ساتھ اتفاق کیا ہے۔ مشورے، منصوبے اور پیسوں کے حوالے سے جو کچھ ہمارے بس میں ہوگا، ان شاء اللہ انہیں بھیج دیں گے تاکہ وہ اقتصادی کاموں کا آغاز کریں۔
اور وہ جو قیدی مجاہدین کے پاس ہے، بالغ ہے، دیکھیں گے کہ اس کے بارے میں ہم کس نتیجے تک پہنچتے ہیں، اس حوالے سے جو بھی نئی بات ہوگی، ان شاء اللہ آپ کے ساتھ شریک کریں گے۔
ہمیں آپ کی جانب سے 45 ہزار ڈالر موصول ہوئے، جزاکم اللہ خیراً۔
بنگال میں جو ہمارے بھائی [داعشی حامی] موجود ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ انہیں جہادی کارروائیوں کے ذریعے آزمایا جائے تاکہ وہ دشمنوں کو قتل کریں اور خون بہائیں، تاکہ ہمیں اطمینان ہو جائے کہ آیا وہ ہمارے بھائی ہیں یا دشمنوں میں سے ہیں۔ اگر وہ بھائی ہیں تو وہ دشمنوں کو قتل کرتے ہیں اور ان پر رحم نہیں کرتے، اگرچہ ابتدا میں شجاعت، اقدام اور وسائل کے اعتبار سے کمزور ہی کیوں نہ ہوں، لیکن دشمن ایک دوسرے کو قتل نہیں کرتے، صرف ایسی ڈرامائی منظر کشی کرتے ہیں جسے میڈیا کوریج حاصل نہ ہو، لیکن ہر عاقل ان شاء اللہ اس بات کو سمجھ جائے گا۔
ہم ان کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور اگرچہ بنگال سے دوسرے ممالک جانے میں کوئی دشواری نہیں، لیکن اس کے باوجود اب تک ایک شخص نے بھی ہماری طرف ہجرت نہیں کی، اور اب تک انہوں نے کوئی عسکری کام بھی نہیں کیا۔ ہم انہیں وقت دے رہے ہیں تاکہ وہ وہ کام کریں جو دولتِ اسلامیہ ان سے چاہتی ہے۔
مکتب الصدیق
قاری تمیم کردی
مذکورہ بالا خط میں خوارج نے بعض ایسے امور کے ارتکاب کا اعتراف کیا ہے جنہیں وہ دوسری جہادی جماعتوں کی تکفیر کے لیے دلیل کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ اسی طرح ان کے صفوں میں شامل ہونے والے افراد کے بارے میں ان کی شدید بداعتمادی بھی اس میں صاف دکھائی دیتی ہے۔ اس پر بعد میں بات کریں گے، لیکن پہلے اس قیدی کے معاملے کی تفصیل ذکر کریں گے جس کے بارے میں قاری تمیم کردی نے اپنی مرکزی شوریٰ کو زور دے کر لکھا ہے کہ وہ ’’بالغ‘‘ ہے۔
المرصاد کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس خط میں مذکور ’’بالغ‘‘ قیدی درحقیقت ایک بچہ ہے، جس کی عمر تقریباً 14 سال ہے۔ اس بچے کا نام جعفر خان ہے، جو اصلًا قندھار کے ضلع سپین بولدک کا رہائشی ہے، لیکن فی الحال پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے شیخ مانده علاقے میں رہتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ داعشی خوارج نے تقریباً دس ماہ قبل اسے اس کے علاقے سے اغوا کیا اور ٹیلیگرام کے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اس کے خاندان سے ستر کروڑ پاکستانی روپے کا مطالبہ کیا۔
المرصاد کے ذرائع کے مطابق، بچے کا خاندان اپنی بے بسی کے باعث اب تک خوارج کو ستر کروڑ پاکستانی روپے ادا نہیں کرسکا، اور داعشیوں نے خاندان پر دباؤ ڈالنے کے لیے بچے کے والد حاجی صلاح الدین کو اس کے گھر کے قریب ایک سپورٹس کلب سے نکلنے کے بعد شہید کر دیا۔
المرصاد کے ذرائع کا کہنا ہے کہ داعشی خوارج کے گروہ کے ایک رکن نے اعتراف کیا ہے کہ جعفر خان کو داعشیوں نے اغوا کیا ہے اور اپنے رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ بچے کی بے گناہی اور خاندان کی بے بسی کے باعث اسے رہا کیا جائے۔
المرصاد مناسب وقت پر داعش کے جعلی ٹیلی گرام اکاؤنٹ کے صارف کے پیغامات کی تصاویر اور دیگر ضروری دستاویزات بھی شائع کرے گا، جن میں مذکورہ شخص جعفر خان کے اغوا کو “خلافت کے مجاہد بھائیوں” کا کام قرار دیتا ہے۔
بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس اغوا اور بچے کے والد کے قتل نے داعشیوں کے درمیان ہنگامہ برپا کردیا، یہاں تک کہ مرکزی شوریٰ نے بھی اس بارے میں وضاحت طلب کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جعفر خان اب تک قید ہے، اور خوارج اب بھی اس کے خاندان کو وٹس ایپ اور ٹیلیگرام پر ورچوئل نمبروں سے کالیں کرکے پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔
المرصاد کے ذرائع مزید کہتے ہیں کہ کوئٹہ کا شیخ مانده علاقہ داعشیوں کا ایک سابق مرکز ہے اور مذکورہ علاقے کے بہت سے داعشی مفسدین داعش کے دورِ حکومت میں ننگرہار میں مارے گئے ہیں۔
ذرائع مزید کہتے ہیں کہ داعش گروہ نے گزشتہ دو سالوں کے دوران مذکورہ علاقے سے جعفر خان سمیت مزید پانچ افراد کو اغوا کیا ہے، جن میں سے ڈاکٹر مصور کے ۱۳ سالہ بیٹے کو بھی اغوا کے بعد شہید کردیا۔
اغوا داعشیوں کی خراسان شاخ کے لیے پیسہ حاصل کرنے کا سب سے آسان طریقہ ہے۔ داعشی خوارج اسے اپنی اقتصادی پالیسی کا ایک حصہ قرار دیتے ہیں، اور مکتب الصدیق کے مکتوب میں دوسرے ممالک کے داعشیوں کو اقتصادی سرگرمیوں کی ترغیب دینا ظاہر کرتا ہے کہ خراسانی خوارج اپنے عملی تجربات انہیں بھی منتقل کر رہے ہیں۔
تاجروں اور ان کے رشتہ داروں کو اغوا کرنا اور پھر انہیں پیسوں کے بدلے رہا کرنا خوارج کے اقتصادی ادارے کا کام ہے۔ 1443ھ میں خوارج کی ولایتِ شام کے والی نے تمام ذمہ داروں کو اطلاع دی تھی کہ اقتصادی امور دوبارہ فعال کیے جائیں، خود ان کا انتظام کیا جائے اور مکمل رازداری کے ساتھ انہیں جاری رکھا جائے۔ خوارج آخری حد تک کوشش کرتے ہیں کہ ان کے اقتصادی ادارے کی جانب سے کیے جانے والے غیرشرعی اعمال، جیسے اغوا، تاجروں کو دھمکانا اور پیسوں کے لیے ان پر حملہ کرنا، پوشیدہ رہیں اور وہ کبھی بھی ان کی ذمہ داری قبول نہ کریں۔
المرصاد نے تین سال قبل، 23 جولائی 2023ء کو تاجروں سے پیسے بٹورنے کے لیے داعشی خوارج کا سرکاری ہدایت نامہ حاصل کرکے شائع کیا تھا۔
پاکستان اور ایران کے ساتھ جنگ بندی کی کوششیں:
مکتوب میں صراحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ خوارج قیدیوں کی رہائی کے بدلے ایران اور پاکستان کی حکومتوں، جنہیں وہ مرتد قرار دیتے ہیں، کے ساتھ ہُدنہ (جنگ بندی) کرنا چاہتے ہیں۔ داعشی خوارج کی یہ کوششیں ان کے منہج کے تزلزل اور منافقت کو ظاہر کرتی ہیں۔ وہ اپنے ہر کام کو مصلحت کا رنگ دیتے ہیں، لیکن یہی مصلحت اگر کوئی دوسری جہادی جماعت اختیار کرے تو اسے کفر اور ارتداد کی نسبت دیتے ہیں۔
یہ بات بھی غور طلب ہے کہ داعشیوں نے جنگ بندی کی بات اور اپنے مطالبات ایرانی اور پاکستانی حکام تک کس کے ذریعے پہنچائے ہیں؟ لازماً کوئی انٹیلی جنس چینل رابطے کے لیے فعال ہونا چاہیے، جس کے ذریعے انہوں نے اپنے مطالبات پہنچائے ہیں۔
داعش ایران اور پاکستان کے ساتھ انٹیلی جنس جنگ بندی کا اعلان شدہ یا غیر اعلانیہ طور پر کرے گا یا نہیں، لیکن اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ ان خام فکر منہج میں ہمیشہ ان کی خواہشاتِ نفس و ہوا کے مطابق تبدیلی آتی رہتی ہے۔
اپنے حامیوں اور ارکان پر بداعتمادی:
مکتب الصدیق کے مکتوب میں بنگلہ دیش میں داعش کے ارکان یا حامیوں کے بارے میں شک کا اظہار کیا گیا ہے کہ معلوم نہیں وہ واقعی مخلص ہوں گے یا دشمن کے افراد۔ اپنے افراد اور ارکان پر جاسوسی کا شبہ کرنا خوارج کے درمیان صرف مکتوب کے صفحات تک محدود نہیں، ہر نئے شخص کو جسے خوارج بھرتی کرتے ہیں، سخت نفسیاتی دباؤ میں رکھا جاتا ہے اور اسے جاسوس کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ موجودہ بھرتی کی حکمت عملی کے ذریعے داعشی گروہ میں غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی وسیع رسائی اور اس بات کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ وہ داعش گروہ کی سرگرمیوں کو اپنے مفاد میں موڑ رہی ہیں۔
مختصر الفاظ میں کہیں تو مکتب الصدیق کا یہ ایک مکتوب داعشی خوارج کی حقیقی شکل مسلمانوں کے سامنے بہت اچھی طرح واضح کرتا ہے کہ ان کا منہج خواہشاتِ نفس و ہوا کے تابع ہے، جس کام کی وجہ سے وہ کسی دوسرے کو ارتداد تک پہنچا دیتے ہیں، اسے اپنے لیے جائز مصلحت سمجھتے ہیں، اپنی جماعت کو بے گناہ مسلمانوں کے اغوا سے حاصل ہونے والی رقم سے مالی اعانت فراہم کرتے ہیں، اور ان کی قیادت چند مرکزی افراد کے علاوہ اپنے قریبی ساتھیوں اور ذمہ داروں تک پر اعتماد نہیں کرتی۔


















































