پاکستان میں فوج کو ہمیشہ "ملکی سالمیت کی محافظ” کہا جاتا رہا ہے۔ یہ جملہ ہر تقریر میں، ہر نصاب میں، ہر اشتہار میں دہرایا جاتا ہے۔ مگر ایک فکری سوال اپنی جگہ موجود ہے، جو جوں جوں وقت گزرتا ہے، زیادہ گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ وہ یہ کہ محافظ کب اور کیسے مالک بن گیا؟
جب ایک ادارہ، جس کا بنیادی کام سرحدوں کی حفاظت ہو، وہی ادارہ سڑکیں بھی بنائے، ان پر ٹول بھی وصول کرے، بینک بھی چلائے، سیمنٹ بھی بیچے، چینی بھی بنائے، ہوٹل بھی خریدے، معدنیات بھی نکالے اور شہروں کی قیمتی ترین زمینوں پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بھی بنائے، تو وہ ادارہ پھر صرف ایک فوجی ادارہ نہیں رہتا۔ وہ ریاست کے اندر ایک دوسری ریاست بن جاتا ہے۔
اور یہ کوئی الزام نہیں، بلکہ اعداد و شمار کی کہانی ہے۔ اور اعداد و شمار چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت پر سب سے بڑا غیر اعلانیہ قبضہ کس کا ہے۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ ملکی سالمیت کے محافظ کیا کیا کر رہے ہیں؟ یاد رہے کہ یہ صرف جھلک ہے!
1. فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO)
ایف ڈبلیو او کا قیام 1966 میں ہوا۔ قراقرم ہائی وے اس کا فخر ہے۔ لیکن آج ایف ڈبلیو او سڑک بنانے والا ادارہ نہیں رہا، وہ سڑکوں سے پیسہ کمانے والی مشین بن چکا ہے۔
لاہور-اسلام آباد موٹروے 2014 میں 20 سال کے لیے ایف ڈبلیو او کی کمپنی کو دے دی گئی۔ پھر جون 2022 میں 6 موٹرویز کا ٹول 10 سال کے لیے بغیر کھلی بولی کے ایف ڈبلیو او کو دے دیا گیا۔ ان ٹول پلازوں سے کتنی آمدنی ہوتی ہے، یہ ایک الگ تفصیل ہے۔
مگر بیس سال کا اگر ہم تخمینہ لگائیں تو:
اوسط ٹول: Rs. 2,200 ہے، کیونکہ سب لاہور سے اسلام آباد پورا سفر نہیں کرتے، آدھے راستے والے بھی ہوتے ہیں۔ پورا کار کا ٹول آج Rs. 1,430 اور ٹریلر کا Rs. 7,980 ہے۔
سالانہ اضافہ: ٹول میں 10% + ٹریفک میں 3%
20 سال کا حساب:
آج کا ایک سال (2026):
35,000 گاڑیاں x Rs. 2,200 x 365 دن = تقریباً Rs. 28 ارب سالانہ
دورانیہ سالانہ آمدن کا اندازہ
شروع میں 2014 تقریباً Rs. 6.3 ارب
درمیان میں 2026 تقریباً Rs. 28 ارب
آخر میں 2034 تقریباً Rs. 76 ارب
کل 20 سال کی مجموعی وصولی = تقریباً Rs. 600 ارب، یعنی 6 کھرب روپے
اگر ہم کم ٹریفک مانیں تو بھی یہ Rs. 350 ارب سے کم نہیں بنتی، اور زیادہ ٹریفک مانیں تو Rs. 900 ارب سے اوپر چلی جاتی ہے۔
آڈیٹر جنرل کی فروری 2026 کی رپورٹ نے سب کچھ کھول کر رکھ دیا۔ 12 ارب 20 کروڑ روپے کا ٹھیکہ، جسے 8 مہینے میں پورا ہونا تھا، 3 سال بعد بھی اس کا سسٹم نہیں لگا، لیکن 88 فیصد ادائیگی ہو گئی! 39 ارب روپے کا ٹول، کسی آزاد ادارے نے چیک ہی نہیں کیا! ساڑھے 3 ارب روپے، 3 مہینے تک ایف ڈبلیو او کے پاس پڑے رہے، کوئی جرمانہ نہیں ہوا! 12 سال تک آڈٹ نہیں ہوا۔ پارلیمانی کمیٹی کو جواب نہیں دیا گیا۔ جی ایچ کیو سے اجازت مانگی گئی، ایک سال گزر گیا، جواب نہیں آیا!
یہ احتساب ہے؟ یہ شفافیت ہے؟
ستمبر 2025 میں ایف ڈبلیو او نے وزیراعظم ہاؤس میں ایک امریکی کمپنی سے معدنیات کا معاہدہ کیا۔ پہلا مرحلہ 50 کروڑ ڈالر کا تھا۔ یعنی سڑک بنانے والا ادارہ اب ملک کی معدنیات کا سودا بھی کر رہا ہے۔
یہاں ایک سادہ سا فکری نکتہ ہے جس کی طرف ہماری توجہ ہونی چاہیے کہ جب ٹول بڑھے گا تو ٹرانسپورٹ مہنگی ہوگی، جب ٹرانسپورٹ مہنگی ہوگی تو آٹا، سبزی، ہر چیز مہنگی ہوگی۔ اور اس مہنگائی میں بھی فوج ہی کا فائدہ ہے، کیونکہ مشکل سے کوئی ایسا شعبہ دکھایا جا سکتا ہے جہاں فوج کی گرفت نہ ہو۔ یعنی ایف ڈبلیو او کا منافع، براہ راست عوام کی جیب سے نکلتا ہے۔
2. نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC)
1978 میں بننے والی این ایل سی آج کراچی پورٹ سے پپری تک 52 کلومیٹر ریل کوریڈور بنا رہی ہے، 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ۔
خنجراب کے راستے چین سے یو اے ای تک سامان 30 دن کے بجائے 10 دن میں پہنچا رہی ہے۔ ایک پرتگالی کمپنی کے ساتھ معدنیات کی تلاش کا معاہدہ بھی اسی کے پاس ہے۔
یعنی ملک کی لاجسٹکس، ملک کی تجارت کی شہ رگ، ایک فوجی ادارے کے ہاتھ میں ہے، جو ملکی سالمیت کے محافظ کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔
3. ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (DHA)
ڈی ایچ اے لاہور میں فیز 9 پرزم میں 2,085 پلاٹوں کا قبضہ دے چکا ہے، اور فیز 10 جو تقریباً 180,000 کنال پر مشتمل ہے، اس کا ماسٹر پلان بن رہا ہے، جبکہ فائلیں پہلے سے بک رہی ہیں۔ ڈی ایچ اے اسلام آباد میں مارگلہ انکلیو، گندھارا سٹی اور D-13, E-13, F-13 جیسے سیکٹرز میں پھیل رہا ہے، کراچی میں فیز 8 واٹر فرنٹ اس کا سب سے مہنگا منصوبہ ہے، اور ملتان، کوئٹہ، گوجرانوالہ اور بہاولپور میں نئی فائلیں آ رہی ہیں۔
سوال یہی ہے کہ فوج کو اتنی زمین کہاں سے ملتی ہے؟ فوجی افسر کو پلاٹ الاٹمنٹ میں ملتا ہے، اور عام شہری قسطوں پر مرتا ہے۔ یہ ملکی سالمیت کی حفاظت ہے یا پراپرٹی ڈیلنگ؟
4. فوجی فاؤنڈیشن
فوجی فرٹیلائزر تھر کوئلے سے یوریا بنانے کے 1.12 ارب ڈالر کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ 2031 سے ہر سال 717,000 ٹن یوریا بنے گا۔
مری پیٹرولیم نے صرف 2025 میں 2.6 ارب ڈالر کی بچت کا دعویٰ کیا۔
اور اب تازہ ترین خبر: فوجی فاؤنڈیشن نے پرل کانٹی نینٹل ہوٹلز کی مالک کمپنی میں 19.7 فیصد حصص، 6 ارب 55 کروڑ روپے میں خرید لیے۔ یعنی اب فوج ہوٹل بھی چلائے گی۔ پی آئی اے خریدنے کی بولی میں بھی ایف ایف سی شامل تھا۔
فکری سوال یہ ہے کہ جب کھاد، تیل، گیس، سیمنٹ، خوراک اور ہوٹل سب فوج کے پاس ہوگا، تو سویلین تاجر کیا کرے گا؟ کیا پاکستان میں نجی شعبہ زندہ رہ سکتا ہے؟
5. آرمی ویلفیئر ٹرسٹ
عسکری بینک: 720 سے زیادہ برانچیں، 974 اے ٹی ایم، 2025 میں 22.8 ارب روپے منافع۔ اور اب ماشاءاللہ سے اسے اسلامی بینک بنایا جا رہا ہے۔ بالفاظِ دیگر اسے اسلامک ٹچ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عسکری سیمنٹ، عسکری شوگر ملز بدین، عسکری سیڈز، عسکری گارڈز، عسکری ایوی ایشن، عسکری فیولز۔
یعنی پیسہ بھی ان کا بینک سنبھالے گا، چینی بھی ان کی مل بنائے گی، سیکیورٹی بھی ان کے گارڈ دیں گے، پیٹرول بھی ان کا پمپ بیچے گا۔
بھئی ملک کی سالمیت چل رہی ہے! مزاح تو نہیں ہے!
6. شاہین فاؤنڈیشن، بحریہ فاؤنڈیشن، سی ایس ڈی، ایس سی او
شاہین فاؤنڈیشن: ایف ایم 100 ریڈیو، اسکول، اشتہارات، پیٹرول پمپس۔
بحریہ فاؤنڈیشن: کراچی، لاہور، اسلام آباد میں بڑے کمرشل پلازے، یونیورسٹی۔
سی ایس ڈی: ملک بھر میں سپر اسٹورز، عام لوگوں کے لیے بھی کھلا۔
ایس سی او: آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موبائل اور انٹرنیٹ کا سب سے بڑا نیٹ ورک۔
یعنی فضائیہ ریڈیو چلائے گی، بحریہ پلازے بنائے گی، اور زمینی فوج سپر اسٹور چلائے گی۔ تاکہ اچھی طرح ملک کی سالمیت کی جا سکے!
اصل فکری مسئلہ: تین بڑے تضاد
پہلا تضاد: ٹیکس عوام دے، فائدہ فوج لے
پاکستانی فوج دنیا کی واحد فوج ہے جو ملکی سالمیت کے نام پر ٹیکس کا بڑا حصہ لیتی ہے، اور پھر کاروبار سے بھی منافع لیتی ہے، لیکن اس منافع پر وہی ٹیکس اور احتساب لاگو نہیں ہوتا جو عام تاجر پر ہوتا ہے۔ 2014 میں مسابقتی کمیشن نے خود کہا کہ سرکاری چھوٹ سے ایف ڈبلیو او کو 30 فیصد کا فائدہ ہے۔ نجی ٹھیکیدار مقابلہ نہیں کر سکتے۔
دوسرا تضاد: زمین عوام کی، معدنیات فوج کی
کئی زمینوں پر قبضے کر کے وہاں کی معدنیات سے ملنے والی رقم پر اکیلے قبضہ رہتا ہے، حکومت کو حصہ نہیں دیا جاتا۔ یہی وجہ ہے کہ معدنیات کے معاہدے وزیراعظم ہاؤس میں ہوتے ہیں، لیکن فیصلہ ایف ڈبلیو او اور آرمی چیف کے سامنے ہوتا ہے۔
تیسرا تضاد: تین سال میں ارب پتی
ایک بڑا کاروباری شخص، ایک بڑا اسٹار، تین سالوں میں وہ ملکیت حاصل نہیں کر سکتا جو ایک کرنل یا جنرل ریٹائرمنٹ کے بعد حاصل کر لیتا ہے۔ پلاٹ، فائل، ڈی ایچ اے، عسکری، کمرشل پلازے۔ یہ دولت کہاں سے آتی ہے؟ یہ تنخواہ سے نہیں آتی، یہ سسٹم سے آتی ہے۔ اس وجہ سے ان کا سسٹم تو شاندار چل رہا ہے، لیکن عوام کا سسٹم کولیپس کر گیا ہے۔
نتیجہ: ریاست کو واپس ریاست بنانا ہوگا
جب تک فوج کاروبار کرے گی، وہ سیاست بھی کرے گی۔ جب تک فوج زمین بیچے گی، وہ پارلیمنٹ کو بھی کنٹرول کرے گی۔ جب تک فوج کا بجٹ اور کاروبار آڈٹ سے باہر ہوگا، پاکستان کی معیشت کبھی ٹھیک نہیں ہوگی۔
سوال اب یہ نہیں کہ کیا غلط ہے، سوال یہ ہے کہ اس غلط کو کون ٹھیک کرے گا؟ پارلیمنٹ جو خود اسی سسٹم سے بنی ہے؟ عدلیہ جو خود اسی کے سامنے جھکتی ہے؟ یا عوام جو خود اسی سسٹم کا شکار ہیں؟
تاریخ بتاتی ہے کہ کوئی ادارہ خود اپنی طاقت سے دستبردار نہیں ہوتا۔ اسے دستبردار کرانا پڑتا ہے۔ اور یہ کام نہ ایک تحریر سے ہوگا، نہ ایک تقریر سے۔ یہ ایک طویل فکری اور سیاسی جدوجہد سے ہوگا۔ اور جدوجہد کی پہلی سیڑھی یہی ہے کہ عوام کو پہلے یہ سمجھ آ جائے کہ محافظ اور مالک میں کیا فرق ہے۔
باقی فیصلہ قاری پر ہے۔
و ما علینا الا البلاغ۔


















































