افغانستان میں سلفی علماء کے قتل کی حقیقت اور امارتِ اسلامیہ کے خلاف مسلکی پروپیگنڈا
افغانستان کی تاریخ کا یہ ایک تلخ المیہ ہے کہ اس سرزمین پر صرف بندوقوں اور بارود سے جنگ نہیں لڑی گئی، بلکہ نظریات، عقائد اور مذہبی اختلافات کو بھی سیاسی کشمکش کا ہتھیار بنایا گیا۔ کبھی اقتدار کی جنگ کو مذہب کا نام دیا گیا، کبھی فقہی اختلافات کو دشمنی کی بنیاد بنایا گیا، اور کبھی چند انفرادی واقعات کو پوری ریاست کے خلاف فردِ جرم میں تبدیل کرکے ایک نیا محاذ کھول دیا گیا۔
اگست 2021ء میں امارتِ اسلامیہ کے دوبارہ قیام کے بعد بھی اسی نوعیت کی ایک مہم سامنے آئی۔ افغانستان میں بعض سلفی علماء کی شہادت کو بنیاد بنا کر یہ بیانیہ تشکیل دیا گیا کہ امارتِ اسلامیہ، چونکہ فقہِ حنفی اور عقیدۂ ماتریدیہ سے وابستہ ہے، اس لیے وہ سلفی علماء اور دوسرے مذہبی مکاتبِ فکر کو برداشت نہیں کرتی۔ اس الزام کو داعش کے تکفیری حلقوں نے اپنے نظریاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا، جبکہ پاکستان کے بعض مذہبی اور سیاسی حلقوں نے بھی اسے امارتِ اسلامیہ کے خلاف تنقید کا موضوع بنایا۔
لیکن اس سارے شور و غوغا میں ایک بنیادی حقیقت کو پسِ پشت ڈال دیا گیا: کسی عالم کا قتل ہونا ایک حقیقت ہے، اس کے قاتل کی شناخت دوسرا معاملہ ہے، اور اس قتل کو کسی حکومت کی منظم مسلکی پالیسی قرار دینا بالکل الگ دعویٰ ہے۔ ان تینوں امور کو ایک دوسرے میں خلط ملط کرکے نتائج اخذ کرنا تحقیق نہیں، بلکہ پہلے سے قائم کردہ مؤقف کے حق میں واقعات کی من مانی تعبیر ہے۔
فقہِ حنفی کی بالادستی یا مسلکی دشمنی؟
افغانستان میں فقہِ حنفی کو صدیوں سے نمایاں مذہبی، عدالتی اور قانونی حیثیت حاصل رہی ہے۔ اس ملک کی غالب مسلم آبادی تاریخی طور پر اسی فقہی روایت سے وابستہ رہی ہے۔ چنانچہ امارتِ اسلامیہ کا اپنے عدالتی اور قانونی نظام میں فقہِ حنفی کو بنیادی حیثیت دینا کوئی نئی یا غیر معمولی بات نہیں، بلکہ افغانستان کی دیرینہ فقہی اور عدالتی روایت کا تسلسل ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک میں عدالتی نظم اور قانونی یکسانیت کے لیے کسی متعین فقہی یا قانونی مکتبِ فکر کو بنیاد بنایا جاتا ہے۔ لیکن اس انتظامی ضرورت کو دوسرے فقہی مکاتبِ فکر کے خلاف دشمنی کا ثبوت قرار دینا ایک واضح علمی مغالطہ ہے۔
اسلامی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ ائمۂ اربعہ اور ان کے پیروکاروں کے درمیان بے شمار فروعی مسائل میں اختلافات رہے، لیکن محض فقہی اختلاف کو کسی مسلمان کے قتل یا اس کی جان و مال پر دست درازی کا جواز نہیں بنایا گیا۔
قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
﴿وَمَن يَقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَاؤُهُ جَهَنَّمُ خَالِدًا فِيهَا وَغَضِبَ اللَّهُ عَلَيْهِ وَلَعَنَهُ وَأَعَدَّ لَهُ عَذَابًا عَظِيمًا﴾
(النساء: 93)
ترجمہ: اور جو شخص کسی مؤمن کو جان بوجھ کر قتل کرے، اس کی سزا جہنم ہے، جس میں وہ ہمیشہ رہے گا، اور اللہ اس پر غضب ناک ہوا، اس پر لعنت کی اور اس کے لیے بڑا عذاب تیار کر رکھا ہے۔
اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«كُلُّ الْمُسْلِمِ عَلَى الْمُسْلِمِ حَرَامٌ، دَمُهُ وَمَالُهُ وَعِرْضُهُ»(صحیح مسلم: 2564)
یعنی ہر مسلمان کی جان، مال اور عزت دوسرے مسلمان پر حرام ہے۔
ان واضح شرعی احکام کی موجودگی میں کسی مسلمان کا خون محض اس لیے مباح نہیں ہو جاتا کہ وہ کسی دوسرے فقہی مکتبِ فکر سے تعلق رکھتا ہے۔ لہٰذا افغانستان کے عدالتی نظام میں فقہِ حنفی کی بنیادی حیثیت کو سلفی علماء کے خلاف منظم دشمنی کا ثبوت قرار دینا ایک بے بنیاد استدلال ہے۔
سلفی علماء کے قتل: واقعات کیا کہتے ہیں؟
امارتِ اسلامیہ کے دوبارہ قیام کے بعد افغانستان میں بعض سلفی علماء کے قتل کے واقعات پیش آئے۔ ان واقعات سے انکار نہیں کیا جا سکتا، لیکن ان کے گرد تشکیل دیے گئے سیاسی اور مسلکی بیانیے کو بھی بلا تحقیق تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
ستمبر 2021ء کے اوائل میں معروف سلفی عالم شیخ عبیداللہ متوکل قتل ہوئے۔ اسی مہینے مولوی محمد نبی محمدی کے قتل کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ 25 اکتوبر 2021ء کو جلال آباد میں مفتی سعیداللہ ساحل نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں شہید ہوئے۔
13 جولائی 2022ء کو کابل میں جمعیت علمائے اہلِ حدیث کے ممتاز رہنما شیخ سردار ولی ثاقب کو شہید کر دیا گیا۔ اس واقعے کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ شیخ سردار ولی ثاقب ان سلفی علماء میں شامل تھے جنہوں نے امارتِ اسلامیہ کی قیادت سے وفاداری کا اظہار کیا تھا۔ ان کے قریبی ذرائع نے داعش کو ذمہ دار قرار دیاگیا۔
5 اگست 2022ء کو ننگرہار کے ضلع چپرہار میں مولوی محمد قیوم کو نمازِ فجر کے دوران شہید کیا گیا۔ اس قتل میں داعش کے ملوث ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
تاہم یہاں ایک حقیقت نہایت اہم ہےِ، داعشی خوارج نے ان سلفی مذہبی شخصیات کو بھی نشانہ بنایا جو ان کے تکفیری نظریات کی مخالفت کرتی تھیں، اور امارتِ اسلامیہ کے حامی علماء بھی ان کی خون ریز کارروائیوں سے محفوظ نہیں رہے۔
الزام کو حقیقت بنانے کا خطرناک کھیل:
اس بحث کا سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ بعض اوقات کسی واقعے کے وقوع پذیر ہوتے ہی اس کی ذمہ داری کا فیصلہ بھی سنا دیا جاتا ہے۔ نہ تحقیق کا انتظار، نہ شواہد کی جانچ، نہ متضاد اطلاعات کا تقابل؛ بس ایک الزام، پھر اس الزام کی مسلسل تکرار، یہاں تک کہ اسے مسلمہ حقیقت کے طور پر پیش کیا جانے لگتا ہے۔
اسلامی شریعت نے اس طرزِ عمل کی سختی سے ممانعت کی ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن جَاءَكُمْ فَاسِقٌ بِنَبَإٍ فَتَبَيَّنُوا أَن تُصِيبُوا قَوْمًا بِجَهَالَةٍ فَتُصْبِحُوا عَلَىٰ مَا فَعَلْتُمْ نَادِمِينَ﴾(الحجرات: 6)
ترجمہ: اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو تحقیق کر لیا کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم نادانی میں کسی قوم کو نقصان پہنچا بیٹھو اور پھر اپنے کیے پر پشیمان ہو۔
امام ابن کثیر رحمہ اللہ اس آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں:
«يَأْمُرُ تَعَالَى بِالتَّثَبُّتِ فِي خَبَرِ الْفَاسِقِ لِيُحْتَاطَ لَهُ» (تفسیر ابن کثیر، سورۃ الحجرات: 6)
یعنی اللہ تعالیٰ فاسق کی خبر کے بارے میں تحقیق اور احتیاط کا حکم دیتا ہے۔
اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«لَوْ يُعْطَى النَّاسُ بِدَعْوَاهُمْ لَادَّعَى نَاسٌ دِمَاءَ رِجَالٍ وَأَمْوَالَهُمْ»(صحیح مسلم: 1711)
یعنی اگر لوگوں کو محض ان کے دعووں کی بنیاد پر ان کا مطالبہ دے دیا جائے تو بعض لوگ دوسروں کے خون اور مال پر بھی دعویٰ کرنے لگیں۔
یہی وہ بنیادی اصول ہے جسے افغانستان میں سلفی علماء کے قتل کے بارے میں بھی پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے۔
کسی قتل کی خبر کو فوری طور پر ایک سیاسی الزام میں تبدیل کرنا، پھر اس الزام کو پوری حکومت کے خلاف مسلکی فردِ جرم بنا کر پیش کرنا اور بالآخر اسی بنیاد پر مذہبی منافرت کو ہوا دینا، قرآن کے حکمِ تحقیق اور اسلامی عدل کے اصولوں کے منافی ہے۔
داعش کی تکفیری فکر اور مذہبی اختلافات کا استحصال:
داعشی خوارج نے امارتِ اسلامیہ کے خلاف اپنی نظریاتی مہم میں فقہی اور اعتقادی اختلافات کو بھی استعمال کیا ہے۔ اس تنظیم نے طالبان کی حنفی اور ماتریدی وابستگی کو اعتراضات کا موضوع بنایا، ان کے مذہبی اور سیاسی نظام کی مشروعیت پر سوال اٹھائے اور اپنے مخالفین کے خلاف تکفیر کا راستہ اختیار کیا۔
یہاں اصل مسئلہ محض علمی اختلاف نہیں، بلکہ اس اختلاف کو کفر و ایمان کے فیصلوں اور پھر مسلح تصادم کے جواز میں تبدیل کرنا ہے۔
امام ابو جعفر طحاوی(۳۲۱هـ) رحمہ اللہ اپنی معروف کتاب العقيدة الطحاوية میں فرماتے ہیں:
«وَلَا نُكَفِّرُ أَحَدًا مِنْ أَهْلِ الْقِبْلَةِ بِذَنْبٍ، مَا لَمْ يَسْتَحِلَّهُ»(ص: ۲۱، عقیدہ: ۷۸)
یعنی ہم اہلِ قبلہ میں سے کسی کو محض گناہ کی وجہ سے کافر قرار نہیں دیتے، جب تک وہ اسے حلال نہ سمجھے۔
اہلِ سنت کے معتبر علماء نے تکفیرِ معین کے لیے شرائط اور موانع کی رعایت کو ضروری قرار دیا ہے۔ محض فقہی اختلاف، سیاسی مخالفت یا کسی مشتبہ قول کی بنیاد پر کسی مسلمان کے ایمان کا فیصلہ صادر کرنا شرعی تحقیق نہیں، بلکہ ایک نہایت خطرناک طرزِ فکر ہے۔
داعش کے تکفیری بیانیے کی سنگینی اسی مقام پر نمایاں ہوتی ہے کہ اس نے اپنے مذہبی اور سیاسی مخالفین کے خلاف محض نظریاتی مخالفت پر اکتفا نہیں کیا، بلکہ متعدد مواقع پر انہیں مسلح حملوں کا نشانہ بھی بنایا۔
داعش اور سلفی مکتبِ فکر میں فرق:
اس بحث میں ایک اور بنیادی حقیقت کو واضح کرنا ناگزیر ہے۔
داعش ایک مخصوص مسلح اور تکفیری تنظیم ہے، جبکہ سلفی مکتبِ فکر ایک مذہبی اور علمی روایت ہے۔ ان دونوں کو ایک دوسرے کا مترادف سمجھنا نہ صرف علمی غلطی ہے، بلکہ ملک میں مذہبی کشیدگی بڑھانے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
افغانستان کے متعدد سلفی علماء نے نہ صرف داعش کے تکفیری افکار و نظریات کی دوٹوک تردید کی اور اس کے انتہاپسندانہ منہج کو مسترد کیا، بلکہ امارتِ اسلامیہ کے ساتھ تعاون و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شرعی بیعت بھی کی۔
یہ حقیقت بذاتِ خود اس عمومی تصور کی تردید کرتی ہے کہ سلفی علماء لازماً داعش کے حامی یا امارتِ اسلامیہ کے مخالف ہیں۔
داعش کو سلفیت کا نمائندہ بنانا بھی غلط ہے اور کسی سلفی عالم کے قتل کو بلا ثبوت امارتِ اسلامیہ کی ریاستی پالیسی کا نتیجہ قرار دینا بھی۔ دونوں صورتوں میں حقیقت مسخ ہوتی ہے اور مذہبی اختلاف کو سیاسی دشمنی کا ایندھن بنایا جاتا ہے۔


















































